جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2020ئ ماسٹر پینٹس نے جیت لیا

پیر 23 نومبر 2020 02:00

لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2020ء) : لاہور پولو کلب کے زیراہتمام لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ 2020ئ ماسٹر پینٹس نے جیت لیا۔ فائنل میں انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد ڈائمنڈ پینٹس / ایف جی پولو ٹیم کو آدھے گول سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ تفصیلات کے مطابق پولو ٹورنامنٹ کا فائنل کرونا ایس او پی ایز کے تحت ہوا۔

ماسک کے بغیر کلب میں کسی کو داخل نہیں ہونے دیا گیا۔اس موقع پر مہمان خصوصی مسز تمیز عالم، لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم کے بیٹے شاہ قبلائی عالم، شاہ شمیل عالم ، لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، ایگزیکٹو کمیٹی ممبران آغا مرتضی،شاہ قبلائی عالم، فیروز گلزار، ثاقب خان خاکوانی، آغا نجیب رضا اور سیکرٹری لیفٹیننٹ کرنل(ر) مدثر شریف اور ٹیموں کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

فائنل بہت ہی زبردست رہا۔ ڈائمنڈ پینٹس / ایف جی پولو کی ٹیم نے پہلے چکر میں چار گول کرکے برتری حاصل کرلی۔ دوسرے چکر میں ماسٹر پینٹس کی طرف سے دو جبکہ ڈائمنڈ پینٹس کی طرف سے ایک گول سکور کیا۔ تیسر یچکر میں ماسٹر پینٹس کی ٹیم نے چار گول کرکے برتری حاصل کرلی جو چوتھے چکر تک قائم رہی۔ اس طرح 8.5 کے مقابلے 8 گول سے میچ جیت کر 2020ئ کا لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم میموریل پولو کپ جیت لیا۔

ماسٹر پینٹس کی طرف سے مارکوس پنیلو نے شاندار کھیل پیش کیا اور سات خوبصورت گول سکور کیے جبکہ راجہ جلال ارسلا ن نے ایک گول سکور کیا جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ڈائمنڈ پینٹس / ایف جی پولو کی طرف سے ٹام بروڈی نے شاندار 7 جبکہ میاں عباس مختار نے ایک گول سکور کیا۔ ادھر سب سڈری فائنل میں سامبا بینک کی ٹیم نے ڈی پولو ٹیم کو 6.5-4 سے ہرا دیا۔

سامبا بینک کی طرف سے سید محمد تراب رضوی نے اور ایڈورڈ بینر ایو نے تین تین گول سکور کیے جبکہ آدھا گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔ ڈی پولو کی طرف سے عبدالرحمان منوں نے چاروں گول سکور کیے۔اختتامی تقریب میں مسز لیفٹیننٹ جنرل شاہ رفیع عالم مسز تمیز عالم نے اپنے بیٹوں شاہ قبلائی عالم اور شاہ شمیل عالم کے ہمراہ انعامات تقسیم کیے۔