شیخوپورہ‘ سیٹھ محمد عباس شاکر رحمانی کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا گیا

9 کنال 19 مرلے اراضی میں سے دو پلاٹ صادق اور شہباز علی نامی اشخاص کو فروخت کیئے گئے

پیر 23 نومبر 2020 12:59

شیخوپورہ‘ سیٹھ محمد عباس شاکر رحمانی کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل ..
شیخوپورہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) سینئر سول جج آئیشم بنت صادق کی عدالت میں محکمہ اینٹی کرپشن کی ٹیم نے کروڑوں روپے مالیت کی اراضی کے فراڈ کے ملزم سیٹھ محمد عباس شاکر رحمانی کو پیش کر کے اس کا 4 روز کا جسمانی ریمانڈ حاصل کر لیا ہے اس ملزم کو ایک روز قبل نواز لیگ کے رکن قومی اسمبلی اور مرکزی رہنماء میاں جاوید لطیف کے ڈیرے اور گھر پر چھاپہ مار کر گرفتار کیا گیا تھا جہاں پر اچانک محکمہ اینٹی کرپشن کے عملے کے پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ پہنچنے پر بھگدڑ مچ گئی اور چھاپے کے دوران پولیس بلا اجازت ڈیرہ میں داخل ہوگئی فاضل عدالت میں ملزم سیٹھ محمد عباس شاکر رحمانی کو پیش کرتے ہوئے سرکل آفیسر اینٹی کرپشن چوہدری محمد ناصر چٹھہ نے استدعا کی کہ تحریک پاکستان کے کارکن چوہدری زمان بھنڈر کے بیٹے نذر عباس بھنڈر کی زمین ملزم اور اس کے دیگر ساتھیوں نے محکمہ مال کے عملے سے ملی بھگت کر کے چند برس قبل جعلسازی سے ایک خوانچہ پر چائے دینے والے ٹیبل بوائے سجاد نبی کے نام منتقل کر دی جس کے بعد 9 کنال 19 مرلے اراضی میں سے دو پلاٹ صادق اور شہباز علی نامی اشخاص کو فروخت کیئے گئے ملزم سے پلاٹوں کی فروخت سے حاصل ہونے والی رقم برآمد کرنی ہے اور اس فراڈ میں ملوث دیگر ملزمان کو بھی گرفتار کرنا ہے چنانچہ اس کا جسمانی ریمانڈ دیا جانا ضروری ہے ملزم کی طرف سے صدر بار ایسوسی ایشن چوہدری محمد زاہد سعید ایڈووکیٹ فاضل عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ میرے موکل کے خلاف بے بنیاد مقدمہ درج کیا گیا ہے لہٰذا اس مقدمہ کو خارج کیا جائے یا پھر جسمانی ریمانڈ کا مطالبہ مسترد کیا جائے فاضل خاتون جج نے محکمہ اینٹی کرپشن کے مؤقف کو قبول کرتے ہوئے ملزم سیٹھ محمد عباس شاکر رحمانی کو 4 روز کے لیے جسمانی ریمانڈ پر محکمہ اینٹی کرپشن کے تفتیشی کے حوالے کرنے کے احکامات جاری کر دیئے