Live Updates

راجہ راشد حفیظ کا محمد نواز شریف ، محمد شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر اظہار افسوس

تحریک انصاف نوجوانوں کیلئے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر پوری توجہ دے رہی ہے ،وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم پنجاب

پیر 23 نومبر 2020 17:32

راجہ راشد حفیظ کا محمد نواز شریف ، محمد شہباز شریف کی والدہ کے انتقال ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) صوبائی وزیر خواندگی و غیر رسمی بنیادی تعلیم راجہ راشد حفیظ نے سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف اور سابق وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور رنج و غم کا اظہار کیا ہے ․ انہوں نے اپنے ایک تعزیتی پیغام میں مرحومہ کی مغفرت اور تمام اہل خاندان کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی دعا کی ․ دریں اثناء ایک کاروباری مرکز کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نوجوانوں کیلئے کاروباری سرگرمیوں کے فروغ پر پوری توجہ دے رہی ہے ․ نا خواندہ ، پڑھے لکھے اور ہنر مند بے روزگارکو اپنا روزگار شروع کرنے کیلئے متعدد منصوبوں کے تحت حکومت نہ صرف مالی معاونت دے رہی ہے بلکہ جدید عصری تقاضوں سے ہم آہنگ فنی تعلیم کو فروغ دے کر نوجوان بچوں اور بچیوں کو اس قابل بنانے کی جدوجہد بھی کر رہی کہ وہ ہنر مند ہو کر اپنا روزگار باعزت طریقے سے اور آسانی کے ساتھ خود بنا سکیں ․ راجہ راشد حفیظ نے اس موقع پر شرکائے تقریب سے کہا کہ وہ خود اور اپنے ساتھ وابستہ اپنے اہل خاندان اور دیگر لوگوں کو بتائیں کہ سچائی ، امانت اور دیانت جیسے اسلام کے اعلی اوصاف حمیدہ کو اپنی زندگیوں کا لازمی حصہ بنائیں ․ حکومت پنجاب ہفتہ شان رسالت ﷺ منا کر کوشش کی ہے کہ لوگوں میں سیرت طیبہ کا پرچار کیا جائے اور حب نبوی ﷺ کے تمام تقاضے پورے کرکے ہم سب کامل مسلمان بن سکیں ․ یہی ہماری دنیاوی اور اخروی زندگی کی کامیابی کی ضمانت ہے ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات