چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال سے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات

پیر 23 نومبر 2020 18:43

چیئرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال سے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد ..
اسلام آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 نومبر2020ء) : قومی احتساب بیورو (نیب )کے چئیرمن جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا ہے کہ نیب ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے بزنس کمیونٹی کے کردار کا معترف ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے چئیرمن پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن عاصم رضاکی قیادت میں پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

وفد میں سابق چیئرمین پنجاب فلور ملز ایسوسی ایشن،محمد ریاض،سابق وائس چیئرمین،محمد جمیل،سیکرٹری جنرل محمد منیر اور ملک غلام مصطفیٰ عارف شامل تھے۔چئیرمین نیب جسٹس (ر)جاوید اقبال نے کہا کہ نیب بزنس کمیونٹی کے سیلز اور انکم ٹیکس سے متعلق مقدمات کی پیروی نہیں کررہااورموجودہ سیلز اور انکم ٹیکس سے متعلق تمام مقدمات فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو قانون کے مطابق کارروائی کے بھیجے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملتان،بہاولپور اورڈیرہ غازی خان ڈویڑن کے فلور ملز مالکان کو جاری کیے گئے نوٹس پر تاحکم ثانی عمل درآمد روک دیا گیا ہے کیونکہ اب یہ معاملہ متعلقہ عدالت میں زیر سماعت ہے۔جبکہ اینٹی کرپشن پنجاب بھی اس معاملے کی تحقیقات کر رہا ہے۔ چئیرمن نیب زاتی حیثیت میں مقدمات کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ ملز مالکان سرکاری نرخوں پر عوام کو آٹا فراہم کریں۔

انہوں نے کہا کہ یہ صرف افواہیں ہیں نیب کی کارروائیوں کے باعث بزنس کمیونٹی متاثر ہو رہی ہے، یہ تاثر درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ نیب کے مختلف احتساب عدالتوں میں بدعنوانی کے 1210ریفرنسز زیر سماعت ہیں۔جن میں سے دو فیصد بزنس کمیونٹی کے خلاف ہیں۔جس سے نیب کے خلاف اس تاثر کے پروپیگنڈہ کی نفی ہوتی ہے۔بزنس کمیونٹی ملک کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی خوشحال ہو گی تو ملک خوشحال ہو گا۔نیب قانون کے مطابق اپنا فرض ادا کر رہا ہے۔چئیر مین نیب نے بدعنوانی سے متعلق شہریوں کی شکایات سننے کے لئے ہر ماہ کی آ خری جمعرات کو کھلی کچہری لگانے کا فیصلہ کیا۔نیب نے نہ صرف سینکڑوں شہریوں کی شکایات سنی ہیں بلکہ نیب کو ہزاروں شکایات موصول ہوئی ہیں جو کہ 2019کے مقابلہ میں دوگنا ہیں۔

نیب غیر قانونی ہائوسنگ سوسائٹیز اور مضاربہ سکینڈل میں بھی کارروائی کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ بزنس کمیونٹی ملک کے لئے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہے۔ بزنس کمیونٹی کے مسائل حل کر نا نیب کی اولین ترجیح ہے۔اس لئے نیب ہیڈکوارٹرز اور تمام علاقائی بیوروز میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے خصوصی شکایات سیل قائم کئے ہیں۔ گزشتہ سال نیب ہیڈکوارٹرز میں بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ایک ڈائریکٹر کی سربراہی میں خصوصی سیل قائم کیا گیا تھا۔

نیب قانون کے مطابق بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے ہر ممکن کوشش کر رہا ہے۔وفد نے بزنس کمیونٹی کے مسائل کے حل کے لئے چئیرمن نیب جسٹس جاوید اقبال کی زاتی کاوشوں کو سراہا اور نیب پر اعتماد کا اظہار کیا۔انہوں نے کرپشن فری پاکستان کے لئے ملک سے بد عنوانی کے خاتمے کے لئے نیب کی کوششوں کی تعریف کی۔انہوں نے اس حوالے سے پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی جانب سے ہرممکن تعاون کا یقین دلایا۔