ٹیلر سوئفٹ نے چھٹی بار سال کی بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ جیت لیا

پیر 23 نومبر 2020 20:03

ٹیلر سوئفٹ نے چھٹی بار سال کی بہترین گلوکارہ کا ایوارڈ جیت لیا
نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2020ء) امریکی پاپ گلوکارہ 30 سالہ ٹیلر سوئفٹ نے ہر سال امریکا میں ہونے والے میوزیکل ایوارڈز 'امریکن میوزک ایوارڈز' (اے ایم ای) میں مسلسل تیسرے سال اور مجموعی طور پر چھٹی بار 'آرٹسٹ آف دی ایئر' کا ایوارڈ جیت لیا۔رواں سال کے امریکن میوزک ایوارڈز میں ٹیلر سوئفٹ کو مجموعی طور پر 4 نامزدگیاں ملی تھیں، جن میں سے وہ تین ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہیں۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق 22 نومبر کو لاس اینجلس میں ہونے والی ورچوئل تقریب میں اگرچہ ٹیلر سوئفٹ آن لائن دستیاب نہیں رہیں، تاہم اس باوجود وہ بڑے ایوارڈ سمیت مجموعی طور پر تین ایوارڈز جیتنے میں کامیاب رہیں۔ ٹیلر سوئفٹ نے رواں سال مسلسل تیسری بار 'ارٹسٹ آف دی ایئر' جبکہ مجموعی طور پر چھٹی بار مذکورہ ایوارڈ اپنے نام کیا، وہ 6 بار یہ ایوارڈ جیتنے والی پہلی گلوکارہ بھی بن گئیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ سال ٹیلر سوئفٹ نے امریکی میوزک ایوارڈز میں مجموعی طور 6 ایوارڈز جیت کر آنجھانی گلوکار مائیکل جیکسن کا ریکارڈ بھی توڑ دیا تھا اور وہ گزشتہ سال 29 امریکی میوزک ایوارڈز جیتنے والی پہلی گلوکارہ بنی تھیں۔رواں سال ٹیلر سوئفٹ کو سال کی بہترین گلوکارہ، بہترین خاتون پاپ گلوکارہ اور پسندیدہ میوزک ویڈیو کی کیٹیگری میں ایوارڈز دیے گئے۔

متعلقہ عنوان :