آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی کا اجلاس، اجلاس میں تیرھویں عالمی اردو کانفرنس کے انعقاد سے متعلق فیصلے

منگل 24 نومبر 2020 11:39

آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی کا اجلاس، اجلاس میں تیرھویں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 23 نومبر2020ء) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی گورننگ باڈی نے کوویڈ19- ایس او پیز پر عمل کرتے ہوئے اردو کانفرنس کو 3تا 6دسمبر 4روز تک آرٹس کونسل کی حدود میں کھلی جگہوں پر منعقد کرنے کی منظوری دے دی۔گورننگ باڈی کا اجلاس آرٹس کونسل کے صدر محمد احمد شاہ کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں بتایا گیا کہ کورونا کی وجہ سے بیرونِ ممالک دانشور اور شاعر اس سال زیادہ تر ڈیجیٹل بات کریں گے تاہم اندرونِ ممالک مندوبین کو دعوت دی ہے کہ جو سہولت سے آسکتا ہے اُس کو خوش آمدید کہا جائے گا ۔

صدر آرٹس کونسل نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اردو کانفرس آرٹس کونسل کا برانڈ بن چکی ہے لہذا موجودہ حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تر ایس اُو پیز کے تحت کانفرنس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو آرٹس کونسل کے لان اور کھلی جگہوں پر منعقد کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

آرٹس کونسل کی گورننگ باڈی نے صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ کو سراہا اور کہا کہ آرٹس کونسل نے گزشتہ 8سے10برسوں میں جو ترقی کی ہے اُس کی مثال پاکستان کے کسی دوسرے ادارے میں نہیں ملتی یہ ثابت ہوگیا ہے کہ سربراہ ویژنری اور متحرک ہو گا تو ادارے ترقی کرتے ہیں چاہے حالات کیسے بھی ہوں۔جنرل باڈی نے ممبر گورننگ باڈی بشیر سدوزئی کے بھائی سمیت دیگر انتقال کر نے والے ممبران کی تعزیت کا اظہار بھی کیا۔