لاہور: سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن پر دہشت گردی کا حملہ ناکام

DW ڈی ڈبلیو منگل 24 نومبر 2020 14:20

لاہور: سی ٹی ڈی پولیس اسٹیشن پر دہشت گردی کا حملہ ناکام

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ ۔ DW اردو۔ 24 نومبر 2020ء) پاکستان کی انسداد دہشت گردی کی پولیس (سی ٹی ڈی) نے منگل کے روز ایک بیان میں بتایا ہے کہ لاہور کے برکی روڈ پر واقع ایک پولیس اسٹیشن میں ایک مشتبہ شخص داخل ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔ تھانے کے سکیورٹی گارڈز کی جانب سے اسے روکنے پر اس نے فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے تبادلے میں یہ مشتبہ حملہ آور ہلاک ہوگیا۔

پولیس کے مطابق مشتبہ حملہ آور نے دھماکہ خیز مواد سے لیس جیکٹ پہن رکھی تھی۔ پولیس کی جانب سے اس بارودی جیکٹ کی تصاویر جاری کی گئی ہیں اور بتایا گیا ہے کہ حملہ آور کی جیب سے دو گرینیڈ بم اور ایک پسٹل بھی برآمد ہوا ہے۔

پولیس کی جانب سے مزید تفصیلات عام نہیں کی گئیں تاہم علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔

(جاری ہے)

مزید پڑھیے: ضلع ڈیرہ غازی خان میں القاعدہ کے دو عسکریت پسند مارے گئے

مقامی میڈیا کی اطلاعات کے مطابق مبینہ حملہ آور کی لاش مردہ خانے منتقل کر دی گئی ہے اور اس کی شناخت کے حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔

سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے نشانے پر

دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی شمولیت کی وجہ سے شدت پسند گروہ اپنے حملوں میں اکثر سکیورٹی فورسز کو نشانہ بناتے رہتے ہیں۔ اکتوبر سن 2009 میں لاہور کے قریب ایک گاؤں میں پولیس کے ٹریننگ سینٹر کو نشانہ بنایا گیا تھا جس میں تیس افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

برکی روڈ پر اس مبینہ حملے کی کوشش ایسے وقت سامنے آئی ہے جب دو روز قبل ہی پاکستانی سکیورٹی فورسز نے افغان سرحد کے قریب سابق قبائلی علاقے باجوڑ میں ایک چھاپے کے دوران دو جنگجوؤن کو ہلاک کرنے کی بات کہی تھی۔

پاکستانی فوج نے ایک بیان میں کہا تھا کہ یہ مشتبہ افراد ’پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں ملوث‘ تھے اور ’بھارتی خفیہ ایجنسی کے لیے کام‘ کر رہے تھے۔ نئی دہلی کی جانب سے ان الزامات کی تردید کی جاتی ہے۔

ع آ / ص ز (اے پی)