امارات میں یومِ وطنی پر شاندار خبر آگئی

دو اماراتی ریاستوں نے ٹریفک جرمانوں پر 50 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا گیا

Muhammad Irfan محمد عرفان منگل 24 نومبر 2020 14:21

امارات میں یومِ وطنی پر شاندار خبر آگئی
راس الخیمہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،24 نومبر2020ء ) متحدہ عرب امارات میں یوم وطنی اور یوم شہداء کی تعطیلات اگلے ہفتے سے شروع ہونے والی ہیں۔ ہر سال یہ قومی تہوار مقامی اور غیر ملکی افراد بہت جوش و خروش سے مناتے ہیں ۔ اس بار دو اماراتی ریاستوں نے ٹریفک جرمانوں کے حوالے سے ایسا شاندار اعلان کر دیا ہے کہ پاکستانی افراد بھی خوشی سے جھوم اُٹھے ہیں۔

عجمان اور راس الخیمہ کی حکومتوں نے یوم وطنی کے موقع پر ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد رعایت کا اعلان کیا ہے ۔ عجمان پولیس کے ٹویٹر اکاؤنٹ پر اعلان کیا گیا ہے کہ یوم وطنی کے روز یعنی 2 دسمبر 2020ء سے یکم جنوری تک عجمان میں مقیم افراد کو ٹریفک جرمانوں کی ادائیگی میں 50 فیصد رعایت دی جائے گی۔ دو ماہ کی اس رعایتی اسکیم کے تحت ڈرائیورز پر 23 نومبر 2020ء سے قبل عائد شدہ تمام ٹریفک جرمانوں کی صرف 50 فیصد رقم جمع کروانا ہو گی۔

(جاری ہے)

باقی کے 50 فیصد معاف ہو جائیں گے۔ البتہ ایسے ڈرائیورزجن پر خطرناک ڈرائیونگ کے باعث مسافروں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے، رفتار بڑھانے کی خاطر انجن اور چیسیز میں غیر قانونی تبدیلیاں کروانے پر جرمانے عائد ہوئے ہوں گے، انہیں ٹریفک جرمانوں میں 50 فیصد کی رعایت حاصل نہیں ہو گی۔ اماراتی ریاست راس الخیمہ نے بھی جرمانوں کی رقم میں 50 فیصد رعایت کا اعلان کر دیا ہے۔

راس الخیمہ پولیس کے مطابق اس رعایتی اسکیم کے تحت گاڑیوں کو ضبط کرنے کے باعث عائدشدہ بلیک پوائنٹس بھی ختم کر دیئے جائیں گے۔یہ اسکیم 2 دسمبر سے شروع ہو کر 8 دسمبر تک جاری رہے گی۔ان سات روزکے دوران ڈرائیورز پچاس فیصد رقم جمع کروا کر باقی کی نصف رقم کی ادائیگی سے بچ سکتے ہیں۔ راس الخیمہ پولیس کے مطابق یہ شاندار رعایت یوم وطنی کی خوشی میں دی جا رہی ہے تاکہ لوگوں پر پچاس فیصد جرمانوں کی معافی سے ان پر بڑا مالی بوجھ نہ پڑ سکے۔