امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے پر کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا خدشہ

اسپین کے بادشاہ کورونا وائرس کے مریض سے رابطہ ہونے پر 10 دنوں کے لیے قرنطینے میں چلے گئے

منگل 24 نومبر 2020 15:50

امریکا میں تھینکس گیونگ ڈے پر کورونا وائرس کیسز میں اضافے کا خدشہ
میڈرڈ /واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) دنیا بھر میں کورونا وائرس کا پھیلاو تیزی سے جاری ہے جبکہ امریکا میں تھینکس گیونگ کے تہوار پر کورونا وائرس کے کیسز میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق اسی خدشے کے تحت واشنگٹن میں بڑے پیمانے پر کورونا وائرس کی ٹیسٹنگ شروع کر دی گئی ہے۔

امریکی ریاست نیویارک کے گورنر اینڈریو کومو نے شہریوں سے گھروں میں رہنے کی اپیل بھی کی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کا کہنا تھا کہ امریکا میں ایک ہفتے کے دوران کورونا وائرس سے اموات میں ریکارڈ 32 فیصد اضافہ ہوا ہے۔امریکا بھر میں اس ہفتے کورونا سے اوسطا یومیہ 1500 اموات رپورٹ ہوئی ہیں، جبکہ کورونا وائرس کے نئے کیسز میں 13 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ کورونا وائرس کے کیسز اور اس سے اموات کے اعتبار سے 10 سرِ فہرست ممالک میں 33 کروڑ سے زائد آبادی کا حامل امریکا پہلے نمبر پر ہے جہاں اس وائرس سے اب تک 2 لاکھ 63 ہزار 687 افراد موت کے منہ میں پہنچ چکے ہیں جبکہ اس سے بیمار ہونے والوں کی مجموعی تعداد 1 کروڑ 27 لاکھ 77 ہزار 174 ہو چکی ہے۔غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق چلی نے 8 ماہ بعد غیر ملکی سیاحوں کے لیے مرکزی ایئر پورٹ کھول دیا ہے۔جرمنی میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کی گئی پابندیاں 20 دسمبر تک بڑھنے کا امکان ہے۔ اسپین کے بادشاہ کورونا وائرس کے مریض سے رابطہ ہونے پر 10 دنوں کے لیے قرنطینے میں چلے گئے۔