سپریم کورٹ نے آصف علی زرداری کی ریفرنسز کراچی منتقل کرنے کی سماعت کے لیے منظور کر لی

عدا لت عظمیٰ نے ریفرنسز کراچی منتقل کرنے کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قراردیدیئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم منگل 24 نومبر 2020 14:58

سپریم کورٹ نے آصف علی زرداری کی ریفرنسز کراچی منتقل کرنے کی سماعت کے ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24 نومبر ۔2020ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ریفرنسز کراچی منتقل کرنے کی سماعت کے لیے منظور کر لی ہے. عدالت عظمیٰ نے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی ریفرنسز کراچی منتقل کرنے کی درخواستوں کی سماعت کی سپریم کورٹ آف پاکستان کے جسٹس عمر عطاءبندیال نے آصف زرداری کی درخواست پر چیمبر میں سماعت کی.

(جاری ہے)

عدا لت عظمیٰ نے نیب ریفرنسز کراچی منتقل کرنے کی درخواستوں پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کالعدم قرار دیتے ہوئے سابق صدر آصف علی زرداری کی درخواست سماعت کے لیے منظور کر لی عدالت نے حکم دیا کہ درخواست 2 ہفتوں کے اندر کھلی عدالت میں سماعت کے لیے مقرر کی جائے. سابق صدر آصف علی زرداری کی جانب سپریم کورٹ سے 4 نیب ریفرنسز کو کراچی منتقل کرنے کی درخواست کی گئی ہے .

یاد رہے کہ رجسٹرار آفس نے سابق صدر کی جانب سے دائر درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ اسی نوعیت کی درخواستیں یہ عدالت پہلے ہی خارج کرچکی ہے. واضح رہے کہ13نومبر کو سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے خلاف نیب ریفرنس اسلام آباد سے کراچی منتقل کرنے کا معاملے میں رجسٹرار آفس نے آصف زرداری کی درخواستوں پر اعتراضات عائد کر دیئے تھے.

رجسٹرار آفس کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری کے ریفرنس کراچی منتقل کرنے کی درخواستیں قابلِ سماعت نہیں، نیب اس معاملے پر سپریم کورٹ کے حکم کے تحت ریفرنس فائل کر چکا ہے. رجسٹرار آفس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ریفرنس کی منتقلی کی درخواستیں پہلے بھی مسترد کی جا چکی ہیں، سپریم کورٹ رولز کے تحت دوبارہ نظرثانی کی درخواست دائر نہیں کی جا سکتی.