کراچی، پولیس اہلکار کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارنے والا سلاخوں کے پیچھے پہنچ گیا

ساجد کاچک کے خلاف دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور منشیات فروشی کے مقدمات درج ہیں

منگل 24 نومبر 2020 16:50

کراچی، پولیس اہلکار کے منہ پر زناٹے دار تھپڑ مارنے والا سلاخوں کے پیچھے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2020ء) پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنا کر منہ پر زناٹے دار تھپڑ رسید کرنے والا ملزم آخر کار گرفتار ہو گیا۔تفصیلات کے مطابق مومن آباد کے ساجد کاچک نامی منشیات فروش نے چند ماہ قبل پولیس اہل کار کو بھرے مجمع میں منہ پر زناٹے کا تھپڑ رسید کر دیا تھا، پولیس اہل کار اس کے سامنے بے بس ہو گئے تھے، اس واقعے کے بعد سے وہ مفرور تھا۔

ایس ایچ او مومن آباد عبد الخالق انصاری کے مطابق مومن آباد پولیس کے ہاتھوں انتہائی مطلوب ملزم ساجد عرف کاچک کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ان کا کہنا تھا کہ ملزم کے خلاف دہشت گردی، پولیس مقابلوں اور منشیات فروشی کے مقدمات درج ہیں۔یاد رہے کہ ساجد کاچک نے جون 2020 کو 2 پولیس اہل کاروں کو یرغمال بنایا تھا، اہل کار علاقے میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے لیے پہنچے تھے، جب ملزم ساجد نے پولیس اہل کاروں کو سرعام تھپڑ مارے اور دونوں اہل کاروں کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا۔

(جاری ہے)

عبدالخالق انصاری نے بتایا کہ گرفتار ملزم کے خلاف درجن سے زائد سنگین مقدمات درج ہیں، ملزم کو خفیہ اطلاع پر ایک مبینہ مقابلے کے بعد گرفتار کیا گیا، ساجد کاچک منشیات فروشی کا منظم گینگ چلاتا ہے۔ایس ایچ او کا کہنا تھا کہ پولیس 5 ماہ سے اس انتہائی مطلوب ملزم کو تلاش کر رہی تھی، آخر کار خفیہ اطلاع ملنے پر اس کے خلاف کی گئی کارروائی میں وہ گرفتار ہو گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم کے قبضے سے اسلحہ برآمد کیا گیا ہے اور اس کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :