شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری

محکمہ داخلہ نے تھروسرکولیشن کابینہ سے منظوری لی، مسلم لیگ ن نے پیرول پر دوہفتے کی رہائی کیلئے درخواست دی تھی۔ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 24 نومبر 2020 16:33

شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری
لاہور(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 نومبر2020ء) پنجاب کابینہ نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور ان کے صاحبزادے حمزہ شہباز کی 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظور ی دے دی ہے، محکمہ داخلہ نے تھروسرکولیشن کابینہ سے منظوری لی، مسلم لیگ ن نے پیرول پر دوہفتے کی رہائی کیلئے درخواست دی تھی۔ تفصیلات کے مطابق ن لیگ کی قیادت نے پارٹی صدر میاں شہبازشریف اور اپوزیشن لیڈر حمزہ شہباز کی پیرول پردوہفتے رہائی کیلئے درخواست دی تھی۔

دونوں کی پیرول پر رہائی بیگم شمیم اختر کے انتقال پر دی جارہی ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے اس حوالے سے واضح کیا تھا کہ وہ صرف 12گھنٹے کیلئے رہائی دے سکتا ہے، اس سے زیادہ پیرول پر رہائی دینے کااختیار وزیراعلیٰ پنجاب کے پاس ہے۔ جس پر محکمہ داخلہ نے وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک سرکولیشن بھیجا، وزیراعلیٰ نے سمری پنجاب کابینہ کو بھجوائی، تاہم پنجاب کابینہ نے وزیراعلیٰ کی سمری پر فیصلہ کرتے ہوئے شہبازشریف اور حمزہ شہباز کی 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظور ی دے دی ہے۔

(جاری ہے)

پیرول پر رہائی کا عمل میت پاکستان پہنچنے پر شروع ہوجائے گا۔ خیال رہے کہ مسلم لیگ ن پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا کہ شہبازشریف اور حمزہ شہباز کو پیرول پر2 ہفتے کی رہائی دی جائے، دو ہفتے سے کم پر دی گئی رہائی قبول نہیں کریں گے۔واضح رہے سابق وزیراعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر لندن میں انتقال کرگئی ہیں، بیگم شمیم اختر کو سینے میں انفیکشن تھا۔

انہیں الزائمر کی بیماری بھی لاحق تھی۔ خاندانی ذرائع کا کہنا ہے کہ بیگم شمیم اختر کی میت پاکستان بھجوانے میں دو سے تین دن لگ سکتے ہیں۔ اسی طرح نواز شریف کو تدفین کے انتظامات پر مشورے کے لیے شہباز شریف کی پیرول پر رہائی کا بھی انتظار ہے۔ بتایا گیا ہے کہ نواز شریف کی بیٹی اسماء نواز کا دادی کی میت لے کر پاکستان آنے کا امکان ہے۔ بیگم شمیم اخترکی وفات قدرتی ہے اور ان میں کورونا کی کوئی علامات نہیں تھیں۔ ان کی عمر 90 سال تھی اور وہ طویل عرصے علیل تھیں ۔