آئی سی سی نے دہائی کے ایوارڈز کا اعلان کردیا ، صرف 2 پاکستانی کھلاڑی نامزد ہوئے

سابق کپتان مصباح الحق سپرٹ آف دی کرکٹ ایوارڈ، یاسرشاہ دہائی کے آئی سی سی مینز ٹیسٹ پلیئرز کی فہرست میں شامل

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب منگل 24 نومبر 2020 17:19

آئی سی سی نے دہائی کے ایوارڈز کا اعلان کردیا ، صرف 2 پاکستانی کھلاڑی ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 24 نومبر 2020ء ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے سالانہ ایوارڈز کی بجائے اس بار دہائی کے ایوارڈز کا اعلان کردیا، مینز اور ویمنز کی 10 کیٹگریز کے لیے 60 نامزدگیاں کی گئی ہیں ۔ آئی سی سی نے فیصلہ کیا ہے کہ شائقین ووٹنگ کے ذریعے ان ایوارڈز جیتنے والوں کا انتخاب کریں گے۔ فاتحین کا اعلان 18 دسمبر 2020ء کو کیا جائے گا۔

پاکستان سے صرف مصباح الحق اور یاسر شاہ کو نامزد کیا گیا ہے۔ مصباح کو دہائی کے آئی سی سی سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے لئے نامزد کیا گیا ہے جبکہ یاسر شاہ کو مینز ٹیسٹ پلیئر آف دی دہائی کے لئے نامزد کیا گیا ہے۔ 46 سالہ مصباح نے 2016ء میں سپرٹ آف دی ایئر ایوارڈ بھی اپنے نام کیا تھا، ان کی قیادت میں قومی ٹیم نے ٹیسٹ رینکنگ میں پہلی پوزیشن بھی اپنے نام کی تھی ۔

(جاری ہے)

34 سالہ یاسر تیز ترین 100 ٹیسٹ شکار کرنے والے بائولرز میں مشترکہ طور پر دوسرے نمبر پر موجود ہیں جب کہ 200 ٹیسٹ وکٹیں لینے والے سب سے تیز ترین بائولر ہیں ۔ انھوں نے اب تک 42 ٹیسٹ میچوں میں 224 وکٹیں حاصل کی ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے دہائی کے آئی سی سی مینز پلیئر کے لیے نامزد کردہ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی (انڈیا) ، کین ولیمسن (نیوزی لینڈ) ، جو روٹ (انگلینڈ) ، سٹیو سمتھ (آسٹریلیا) ، اے بی ڈویلیئرز (جنوبی افریقہ) ، رویچندرن اشون (ہندوستان) اور کمار سنگاکارا (سری لنکا) شامل ہیں۔

دہائی کی آئی سی سی ویمنز پلیئرز کی فہرست میں ایلیس پیری (آسٹریلیا) ، میگ لیننگ (آسٹریلیا) ، سوزی بیٹس (نیوزی لینڈ) ، سٹیفنی ٹیلر (ویسٹ انڈیز) ، متھالی راج (انڈیا) اور سارہ ٹیلر (انگلینڈ) شامل ہیں۔ دہائی کے آئی سی سی مینز ٹیسٹ پلیئرز کی فہرست میں ویرات کوہلی (بھارت) ، جو روٹ (انگلینڈ) ، کین ولیمسن (نیوزی لینڈ) ، سٹیو سمتھ (آسٹریلیا) ، رنگنا ہیراتھ (سری لنکا) ، جیمز اینڈرسن (انگلینڈ) اور یاسر شاہ (پاکستان) شامل ہیں۔

دہائی کے آئی سی سی مینز ون ڈے پلیئرز کی فہرست میں ویرات کوہلی (انڈیا) ، لاستھ ملنگا (سری لنکا) ، مچل سٹارک (آسٹریلیا) ، روہت شرما (ہندوستان) ، ایم ایس دھونی (ہندوستان) ، کمار سنگاکارا (سری لنکا) اور اے بی ڈویلیئرز (جنوبی افریقہ) شامل ہیں۔ دہائی کی آئی سی سی ویمنز ون ڈے پلیئرز کی فہرست ایلیس پیری (آسٹریلیا) ، میگ لیننگ (آسٹریلیا) ، سوزی بیٹس (نیوزی لینڈ) ، اسٹیفنی ٹیلر (ویسٹ انڈیز) ، میتھالی راج (انڈیا) اور جھولن گوسوامی (ہندوستان) پر مشتمل ہے۔

دہائی کے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی پلیئرز میں شامل کھلاڑیوں میں راشد خان (افغانستان) ، ویرات کوہلی (ہندوستان) ، ایرون فنچ (آسٹریلیا) ، عمران طاہر (جنوبی افریقہ) ، لاستھ ملنگا (سری لنکا) ، روہت شرما (ہندوستان) اور کرس گیل (ویسٹ انڈیز) شامل ہیں۔ دہائی کی آئی سی سی ویمنز ٹی 20 پلیئرز کی فہرست میں میگ لیننگ (آسٹریلیا) ، ایلیسی پیری (آسٹریلیا) ، سوفی ڈیوائن (نیوزی لینڈ) ، ڈینڈرا ڈوٹن (ویسٹ انڈیز) اور انیا شربسول (انگلینڈ) شامل ہیں۔

دہائی کے آئی سی سی سپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ کے لیے نامزدہ کردہ کھلاڑیوں میں ویرات کوہلی (انڈیا) ، کین ولیمسن (نیوزی لینڈ) ، مصباح الحق (پاکستان) ، برینڈن میکولم ، مہیلا جے وردھنے (سری لنکا) ، ڈینیئل ویٹوری (نیوزی لینڈ) ، ایم ایس دھونی (ہندوستان) ، کیترین برونٹ (انگلینڈ) اور انیا شربسول (انگلینڈ) شامل ہیں۔