آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرکانفرنس، اندرونی و بیرونی چیلنجزکا جائزہ

سی پیک کو سبوتاژ اور پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے بھارتی ریاستی دہشتگردی پر اظہار تشویش، مادروطن کا دفاع یقینی بنائیں گے، قومی اداروں کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں،ہم ان چیلنجز کو امن واستحکام کا موقع بنائیں گے۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 24 نومبر 2020 17:41

آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرکانفرنس، اندرونی و بیرونی چیلنجزکا ..
راولپنڈی (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 24 نومبر2020ء) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ قومی اداروں کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں، شرکاء کانفرنس نے کہا کہ سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت کی دہشتگردوں کو مالی امداد اور تربیت پر اظہار تشویش کرتے ہیں،ہم ان چیلنجز کو امن واستحکام کا موقع بنائیں گے، ایل اوسی پر بھارتی حملوں سے شہری آبادی کو بچانے کیلئے اقدامات کیے جائیں گے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیر صدارت 237 ویں کورکمانڈرکانفرنس ہوئی ، جس میں ،پاکستان کو درپیش اندرونی و بیرونی چیلنجز،لائن آف کنٹرول پر بھارتی فائرنگ، سرحدوں کی صورتحال سمیت علاقائی ا من وامان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

شرکاء نے کورونا کی دوسری لہر کی صورتحال اور کورونا کا پھیلاؤ روکنے کے اقدامات پر بھی بات چیت کی۔

کانفرنس میں افغان امن عمل میں ہونے والی پیشرفت پر بھی غور کیا گیا۔اجلاس میں کانفرنس کے شرکاء نے مادروطن کے دفاع کو یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ اجلاس میں مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال اور بھارتی مظالم کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں سی پیک کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارت کی دہشتگردوں کو مالی امداد پر اظہار تشویش کیا گیا۔بھارت کی جانب سے دہشتگردوں کی تربیت کا بھی جائزہ لیا گیا۔پاکستان کو غیرمستحکم کرنے کیلئے بھارتی ریاستی دہشتگردی پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید نے کہا کہ پاک فوج قومی اداروں کی مدد سے تمام چیلنجز سے نمٹنے کیلئے تیار ہے۔ہم ان چیلنجز کو امن واستحکام کا موقع بنائیں گے۔