’’بگ تھری‘‘ کے حمایت یافتہ گریگ بارکلے آئی سی سی کے نئے چیئرمین منتخب

بارکلے بڑے بورڈز کی طرح باہمی سیریز کو اہمیت دیتے ہیں، زیادہ آئی سی سی ایونٹس کے حامی نہیں،پی سی بی قائم مقام سربراہ عمران خواجہ کو سپورٹ کر رہا تھا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب بدھ 25 نومبر 2020 11:06

’’بگ تھری‘‘ کے حمایت یافتہ گریگ بارکلے آئی سی سی کے نئے چیئرمین منتخب
دبئی (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 نومبر 2020ء ) نیوزی لینڈ کرکٹ کے نمائندے اور’’بگ تھری‘‘ کے حمایت یافتہ گریگ بارکلے آئی سی سی کے نئے چیئرمین منتخب ہوگئے۔ گریگ بارکلے رواں سال عہدہ چھوڑنے والے ششانک منوہرکی جگہ آئی سی سی چیئرمین بنے ہیں۔ آئی سی سی کی چیئرمین شپ کا عہدہ سنبھالے سے قبل بارکلے نیوزی لینڈ کرکٹ کے سربراہ کا عہدہ بھی چھوڑ دیں گے۔

(جاری ہے)

بگ تھری کے حمایت یافتہ گریگ بارکلے بڑے بورڈز کی طرح باہمی سیریز کو اہمیت دیتے اور زیادہ آئی سی سی ایونٹس کے حق میں نہیں ہیں، ان کے حریف اور قائم مقام آئی سی سی سربراہ عمران خواجہ ان چھوٹے بورڈز کا نمائندہ بن کر سامنے آئے تھے جن کا انحصار آئی سی سی کی آمدنی پر ہوتا ہے، وہ زیادہ عالمی ٹورنامنٹس کے حامی ہیں تاکہ کونسل کی آمدنی میں اضافہ ہو،پاکستان کرکٹ بورڈ قائم مقام سربراہ عمران خواجہ کو سپورٹ کر رہا تھا مگر الیکشن میں انھیں شکست ہو گئی۔

خیال رہے کہ آئی سی سی کے چیئرمین ششانک منوہر رواں برس جولائی میں اپنے عہدے سے الگ ہو گئے تھے،بھارتی کرکٹ بورڈ کے سابق صدر ششانک منوہر کرکٹ کی عالمی تنظیم کے دو مرتبہ دو برس کی مدت کے لیے چیئرمین رہے ہیں۔