عمران خان ملک کے سب سے بے اختیار وزیر اعظم ہیں . شاہدخاقان عباسی

صرف کرسی پر بیٹھنا نہیں ہوتا حکومت ناکام اور عوام پریشان ہے تاہم مٹی کی دیواریں جلد گر جائیں گی. سابق وزیراعظم کی گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 25 نومبر 2020 12:18

عمران خان ملک کے سب سے بے اختیار وزیر اعظم ہیں . شاہدخاقان عباسی
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔25 نومبر ۔2020ء) مسلم لیگ (ن) کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ وزیر اعظم گھر جا چکے ہیں ان کے پاس کوئی اختیارات نہیں ہیں . سابق وزیر اعظم اور مسلم لیگ (ن )کے مرکزی راہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے کہا کہ جلسوں میں کورونا کی بات پر ہم سب متفق ہیں لیکن کیا بازاروں، سکولوں، مارکیٹوں اور دیگر جگہوں پر کورونا نہیں ہوتا ؟.

انہوں نے کہا کہ جلسے کا تو ایک دن ہوتا ہے اور وہاں بھی ہم ایس او پیز پر عمل درآمد کریں گے جبکہ اگر حکومت ماسک کو لازمی قرار دے تو مسئلہ حل ہو جائے گا.

(جاری ہے)

سابق وزیر اعظم نے کہا کہ کورونا ٹیسٹنگ کی تعداد تو آہی نہیں رہی، حکومت ماسک کی بات نہیں کر رہی اور کورونا کورونا کر رہی ہے حکومت کورونا ٹیسٹنگ کی استعداد میں اضافہ کرے. انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی رپورٹ پرسنٹیج وائز تھی حکومت خود کو دھوکہ نہ دے معیشت تو تباہ کر ہی دی ہے اب مسائل کا حل صرف ملک کو آئین کے مطابق چلانے میں ہے.

مسلم لیگ( ن) کے راہنما نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے آج کورونا پر اجلاس طلب کیا ہے اور اجلاس میں ہمیشہ دو افراد ہی نہیں ہوتے، ایک لیڈر آف دی ہاﺅس اور دوسرا لیڈر آف دی اپوزیشن ہے. انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم گھر جا چکے ہیں، پالیسی ہے نہ ہی اختیارات یہاں صرف کرسی پر بیٹھنا نہیں ہوتا حکومت ناکام اور عوام پریشان ہے تاہم مٹی کی دیواریں جلد گر جائیں گی.

واضح رہے کہ پاکستان مسلم لیگ نواز کے راہنما شاہد خاقان عباسی نے دو روزقبل کہا تھا کہ پشاور میں پاکستان ڈیموکریٹک مومنٹ (پی ڈی ایم) جلسہ شیڈول کے مطابق ہوگا‘اپنے بیان میں ان کا کہنا تھا کہ سلیکٹڈ حکومتی ٹولے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے ان کا کہنا تھاافواہیں پھیلانے سے جلسے کی تاریخ، مقام اور وقت تبدیل نہیں ہو گا. یاد رہے کہ پی ڈی ایم جماعتوں نے پشاور میں جلسہ 22 نومبر کو کروانے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد13دسمبر کو لاہور میں حزب اختلاف نے پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں جلسہ کروانے کا اعلان کررکھا ہے.

ماہرین کا کہنا ہے کہ اب تک اوپوزیشن نے جو جلسے کیئے ہیں ان میں سے صرف ایک جلسہ ہی کراچی جیسے بڑے شہر میں منعقد ہوا اب لاہور کا جلسہ اپوزیشن جماعتوں کے لیے بڑا چیلنج ہوگا‘لاہور میں حکومت نے اپوزیشن کو گرینڈاقبال پارک(منٹوپارک) میں جلسہ کرنے کی اجازت دے رکھی ہے. اس جگہ پر بیس ‘پچیس ہزار لوگ نظر بھی نہیں آئیں گے یہ مسلم لیگ نون کے لیے بھی بڑا چیلنج ہے کیونکہ لاہور کو نون لیگ کا مرکزسمجھا جاتا ہے اگر نون لیگ لاہور میں دو‘چار لاکھ لوگوں کو نکالنے میں کامیاب نہ رہی تو ان کا سیاسی مستقبل داﺅ پر لگ جائے گا.