نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بننے کی ضرورت ہے ، امیر البحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی

ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل کرنا چاہیے،بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے زیراہتمام دو روزہ بین الاقوامی اقبال کانفرنس سے خطاب

بدھ 25 نومبر 2020 13:02

نوجوانوں کو اقبال کا شاہین بننے کی ضرورت ہے ، امیر البحر ایڈمرل محمد ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی نے نوجوانوں کو پیغام اقبال پر عمل کرتے ہوئے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اقبال کا شاہین بننے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل کرنا چاہیے ۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ یونیورسٹی اسلام آباد کیمپس کے زیراہتمام دو روزہ بین الاقوامی اقبال کانفرنس ہوئی کانفرنس کا انعقاد علامہ اقبال کے 143ویں یوم پیدائش کے موقع پر کیا گیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کا موضوع ’’نوجوانوں کی تعلیم و تربیت میں اقبال کی قرآنی فکر کی اہمیت‘‘ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق سربراہ پاک بحریہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی تقریب کے افتتاحی سیشن کے مہمان خصوصی تھے۔

(جاری ہے)

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق ترکی اور ایران کے سفیروں نے بھی بطور مہمان اعزاز کانفرنس میں شرکت اور خطاب بھی کیا۔

ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیرالبحر نے بذریعہ ویڈیو لنک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اقبال کے افکار سے استفادہ حاصل کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق امیر البحر نے نوجوانوں کو پیغام اقبال پر عمل کرتے ہوئے عصر حاضر کے تقاضوں کے مطابق اقبال کا شاہین بننے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں اقبال کے پیغام کو سمجھ کر اس پر عمل کرنا چاہیے تاکہ ہم مادر وطن کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کر سکیں۔

ترجمان کے مطابق کانفرنس سے سینیٹر ولید اقبال اور بحریہ یونیورسٹی کے ریکٹر وائس ایڈمرل کلیم شوکت نے بھی خطاب کیا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق کانفرنس کا بنیادی مقصد طلباء کو اقبال کے آفاقی پیغام سے روشناس کروانا اور علامہ اقبال کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات اور اساتذہ کے ساتھ ساتھ ملکی و غیر ملکی اسکالرز نے بھی بذریعہ ویڈیو لنکس کانفرنس میں شرکت کی ۔