ملک کے شہری اضلاع میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے جب کہ دیہی اضلاع میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہے

ملک بھر میں کورونا کے پھیلاؤ کے دوسرے مرحلے سے متعلق تحقیق میں اہم انکشافات سامنے آ گئے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 نومبر 2020 13:16

ملک کے شہری اضلاع میں کورونا کا پھیلاؤ زیادہ ہے جب کہ دیہی اضلاع میں ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2020ء) : ملک بھر میں کورونا کی دوسری لہر میں شدت آنے اور روزانہ کی بنیاد پر کورونا سے متاثرہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہونے پر شہریوں میں تشویش پائی جاتی ہے۔ کورونا کے ملک بھر میں پھیلاؤ کے دوسرے مرحلے سے متعلق کی جانے والی تحقیق میں اہم انکشافات سامنے آ گئے۔ اس حوالے سے ترجمان وزارت صحت نے بتایا کہ کورونا سیروپریویلنس اسٹڈی کامیابی سےمکمل ہوئی۔

کورونا سیروپریویلنس اسٹڈی 10اضلاع میں منعقد ہوئی اور اسٹڈی کا دوسرا راؤنڈ گذشتہ ماہ منعقد ہوا۔ ترجمان نے بتایا کہ ہیلتھ سروسز اکیڈمی نے اسٹڈی ڈبلیو ایچ او کےتعاون سے کی اور دوران تحقیق متفرق شہریوں کے اینٹی باڈیز ٹیسٹ کیے گئے۔ دوران تحقیق کورونا سے متاثرہ افراد کی شرح معلوم کی گئی۔

(جاری ہے)

تحقیق میں7 فیصد شہریوں میں کورونا اینٹی باڈیز پائی گئیں۔

اسٹڈی رپورٹ کے مطابق ملک کےشہری اضلاع میں کورونا کا پھیلاؤ ذیادہ ہے جب کہ دیہی اضلاع میں کورونا وائرس کا پھیلاؤ کم ہے، شہری و دیہی اضلاع میں کورونا کے پھیلاؤ کی شرح میں فرق کم ہو رہا ہے۔ ترجمان کے مطابق چھوٹے شہروں اور دیہاتوں میں ایس اوپیز پر عملدرآمد بہتر بنانا ہوگا، کورونا پازیٹو ہونے کے باوجود بہت سےافراد میں علامات ظاہر نہیں ہوتیں، بظاہر کورونا کی علامات نہ رکھنے والے افراد خطرناک ہیں۔

ترجمان وزارت صحت نے کہا کہ کورونا اسٹڈی کے نتائج سے مستقبل کی فیصلہ سازی میں مدد ملے گی، اسٹڈی سے متوقع کورونا ویکسین کے اہداف کی نشاندہی میں مدد ملے گی۔ یاد رہے کہ کورونا کی دوسری لہر میں روزانہ کی بنیاد پر ملک بھر میں کورونا کیسز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا سے 59 اموات ہوئیں جبکہ 3009 نئے مریض رجسٹرڈ ہوئے جس کے بعد ملک بھر میں کورونا کیسز کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد 3 لاکھ 82 ہزار 892 ہوگئی۔

متعلقہ عنوان :