بھارت سے تربیت یافتہ ایم کیو ایم لندن کے مبینہ 5 دہشت گرد گرفتار

ْگرفتار ملزمان قتل و غارت میں ملوث رہے جن کے خلاف قتل کے 5 مقدمات درج ہیں،انچارج سی ٹی ڈی

بدھ 25 نومبر 2020 14:48

بھارت سے تربیت یافتہ ایم کیو ایم لندن کے مبینہ 5 دہشت گرد گرفتار
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)نے کراچی کے مختلف علاقوں میں ٹارگیٹڈ کارروائیاں کرتے ہوئے بھارت سے تربیت یافتہ ایم کیو ایم لندن کے مبینہ 5 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیاہے۔اس ضمن میں سی ٹی ڈی کے انچارج انویسٹی گیشن مظہر مشوانی بتایاکہ گرفتار ملزمان میں محمد علی عرف علی عرف گھمبٹی، سلمان عرف دھوبی، اختر، عمیر اللہ عرف ڈان اور شہزاد بلیک شامل ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ شہرقائد کے تین مختلف علاقوں میں چھاپوں کے دوران گرفتار 5 ملزم متعدد دہشت گرد کارروائیوں میں ملوث ومطلوب تھے، گرفتار ملزمان نے اجمل پہاڑی اور کاشف ڈیوڈ کے ساتھ بھارت میں تربیت حاصل کی، ایم کیو ایم لندن ٹارگٹ کلر کو انڈیاوسن گنج میں ٹریننگ دی گئی تھی۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انڈین را سے تربیت یافتہ ٹارگٹ کلر محمدعلی گھمٹی اجمل پہاڑی کا قریبی ساتھی تھا۔

ملزم 1995سی2005تک ٹارگٹ کلنگ میں ملوث رہا۔ وہ پہلے بھی لسانی فسادات اور دہشت گردی کی وارداتوں میں جیل جا چکا ہے۔انہوں نے بتایاکہ1997میں محمد علی نے پولیس اہلکار کا اورنگی میں قتل کیا۔ 1997میں ملزم نے اورنگی میں فیصل عرف پراٹھا کوقتل کیا۔انچارج سی ٹی ڈی نے بتایاکہ 2005میں شارع نور جہاں پر ملزم نے سنی تحریک کے کارکن کو قتل کیا۔ کاروائی میں سلمان، عمیر اور شہزاد بیک گرفتار ہوئے۔مظہر مشوانی نے مزید بتایا کہ ملزمان 2010سی2012تک دہشت گردی میں ملوث رہے۔ ملزمان کے خلاف جمشید کوارٹر، فیروز آباد، پاک کالونی اور مومن آباد تھانے میں مقدمات درج ہیں۔