پی ڈی ایم کا ملتان جلسہ ، اپوزیشن رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں سمیت 30 رہنماؤں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کیا گیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 نومبر 2020 14:30

پی ڈی ایم کا ملتان جلسہ ، اپوزیشن رہنماوں کے خلاف مقدمہ درج
ملتان (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 نومبر 2020ء ) صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے رہنماؤں کے خلاف کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔ تفصیلات میں بتایا گیا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی اجازت کے بغیر انتظامات کرنے پر پیپلزپارٹی کے رہنما سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے بیٹوں سمیت 30 رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ، جس کی ایف آئی آر میں موقف اختیار کیا گیا کہ اپوزیشن کے رہنماؤں نے اسٹیڈیم کے عملے کو ڈرایا دھمکایا اور اسٹیڈیم کے تالے بھی توڑ ڈالے، دوسری طرف پی ڈی ایم رہنماؤں نے مقدمے کو جھوٹا اور انتقامی کارروئی قرار دے دیا۔

قبل ازیں اپوزیشن نے جلسے موخر کرنے کے لیے حکومت کو ایک پیشکش کی تھی ، پی پی رہنما مصطفیٰ کھوکر نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کی لیڈر شپ کو آن بورڈ لینے کے لیے نواز شریف اور آصف زرداری کو کال کریں تو جلسے موخر کر سکتے ہیں ، تفصیلات کے مطابق اپوزیشن کورونا کی صورتحال میں بھی جلسے جلوس کرنے پر بضد ہے جب کہ حکومت وبائی صورتحال میں جلسے کرنے کی اجازت نہیں دے رہی ، اسی حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کھوکھر نے کہا کہ وزیراعظم اپوزیشن کی لیڈر شپ کو آن بورڈ لینے کے لیے نواز شریف اور آصف زرداری کو کال کریں تو جلسے موخر کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اگر حکومت اتنی فکر مند ہے تو وزیراعظم کو چاہئیے کہ وہ مولانا فضل الرحمان اور دیگر اپوزیشن جماعتوں کے سربراہان سے رابطہ کریں ، اپوزیشن نے ماضی میں ملک کی خاطر مثبت کردار ادا کیا ، پاک بھارت کشیدگی اور خادم حسین رضوی کے اسلام آباد دھرنے کے موقع پر اپوزیشن نے بہترین کردار ادا کیا تھا ، ایف اے ٹی ایف کے معاملے پر بھی اپوزیشن نے قومی ذمہ داری ادا کی تھی ،کیا اب وزیراعظم ایک فون بھی نہیں کر سکتے۔

اس کے جواب میں وفاقی وزیر برائے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فوادچوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن کا ایجنڈا صرف پیسہ بچانا ہے ، میرا نہیں خیال وزیراعظم عمران خان حزب پی ڈی ایم کے رہنماؤں کو فون کریں گے، انہوں نے کہا کہ ملک میں پارلیمنٹ موجود ہے اپوزیشن کی طرف سے اس پلیٹ فارم پر وزیراعظم کو تجاویز دی جا سکتی ہیں لیکن پی ڈی ایم کے رہنماؤں کا کوئی ایسا ایجنڈا نہیں ہے جس پر وہ کسی قسم کی تجاویز دیں کیوں کہ حزب اختلاف کے رہنما تو صرف یہ کہتے ہیں کہ ان کا پیسہ بچاؤ اور یہ ہی ان کا ایجنڈا ہے ، اس صورتحال میں حزب اختلاف کی کورونا سے متعلق حکومت کے پاس پالیسی نہ ہونے کی بات بچگانہ ہے۔