عالمی ادارہ صحت کی پاکستان کو کورونا ویکسین فراہمی پر تعاون کی یقین دہانی

پاکستان کو متوقع ویکسین کے بارے میں 9 باتوں پر توجہ دینا ہو گی ، ڈبلیو ایچ او نے سفارشات پر مبنی مراسلہ ارسال کردیا

Sajid Ali ساجد علی بدھ 25 نومبر 2020 15:28

عالمی ادارہ صحت کی پاکستان کو کورونا ویکسین فراہمی پر تعاون کی یقین ..
اسلام اباد (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 25 نومبر 2020ء ) عالمی ادارہ صحت نے پاکستان کو متوقع کورونا ویکسین کے حوالے سے تعاون کی یقین دہانی کرادی ، حکومت کے نام بھیجے گئے مراسلے میں کورونا سے نمٹنے کیلئے اقدامات کی تعریف بھی کی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق مراسلے میں ڈبلیو ایچ او نے کہا ہے کہ کورونا ویکسین کے استعمال میں پاکستان کی معاونت کریں گے ، اس سلسلے میں پاکستان کو متوقع ویکسین کے استعمال بارے تجاویز سے بھی آگاہ کردیا ہے ، پاکستان کو متوقع ویکسین کے بارے میں 9 باتوں پر توجہ دینا ہو گی ، جن میں پاکستان متوقع کورونا ویکسین کے بارے پیشگی طور پر موثر پلاننگ کو یقینی بنائے ، اس کے استعمال کا مساوی اور موثر عمل ترتیب دیا جائے ، پاکستان کورونا ویکسینیشن کے مخصوص اہداف کی بروقت نشاندہی کرے ، ویکسین کی ملک گیر ترسیل کی حکمت عملی فوری وضع کی جائے۔

(جاری ہے)

مراسلے کے مطابق پاکستان ویکسینیشن کیلئے ہائی رسک آبادی کی پیشگی نشاندہی کو یقینی بنائے ، اور ویکسین کے مضر اثرات جانچنے کیلئے سیفٹی سرویلنس سسٹم بھی بنایا جائے ، ضروری ہے کہ کورونا ویکسینیشن کیلئے تربیت یافتہ ٹیمیں تشکیل دی جائیں ، ویکسین کے بارے میں ڈیمانڈ جنریشن اور کمیونیکشن پلان تشکیل دیا جائے ، اس کے علاوہ پاکستان کورونا ویکسینیشن بارے عوامی آگاہی کیلئے پیشگی مہم بھی چلائے۔

عالمی ادارہ صحت کا کہنا ہے کہ پاکستان متوقع کورونا ویکسین کے بارے میں قومی رابطہ کمیٹی تشکیل دے جو ویکسین کے حوالے سے منصوبہ بندی اور رابطوں کی ذمہ دار ہو ، کورونا ویکسین کے بارے میں قومی تکنیکی ورکنگ گروپ تشکیل دیا جائے ، ویکسین کی ترسیل کیلئے لاجسٹک اور کولڈ چین سسٹم قائم کیا جائے ، ویکسین کی محفوظ ترسیل کیلئے سروس ڈیلیوری نظام تشکیل دینا ہوگا ، ویکسینیشن مہم کیلئے سرویلنس اور مانیٹرنگ سسٹم بھی بنایا جائے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان سے کورونا کے خلاف بھرپور تعاون جاری رہے گا ، موثر ور محفوظ کورونا ویکسین کی تیاری کیلئے کوششیں کی جاری ہیں ، 2021ء کے آغاز پر کورونا ویکسین محدود پیمانے پر دستیاب ہوں گی ، اس لیے عالمی سطح پر اس ویکسین کی منصفانہ تقسیم کو یقینی بنانا ہو گا ، جس کے لیے ابتدائی طورپر کورونا ویکسین کے درست اہداف کی بروقت نشاندہی ضروری ہے۔

متعلقہ عنوان :