کورونا سے متاثرہ وکیل چیف جسٹس کی عدالت میں پہنچ گیا، عدالت عظمیٰ کا فوری جانے کا حکم

بدھ 25 نومبر 2020 15:56

کورونا سے متاثرہ وکیل چیف جسٹس کی عدالت میں پہنچ گیا، عدالت عظمیٰ کا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) سپریم کورٹ آف پاکستان میں اس وقت ایک عجیب صورتحال پیدا ہوگئی جب کورونا وائرس سے متاثرہ وکیل چیف جسٹس گلزار احمد کی عدالت میں پہنچ گیا۔عدالت عظمیٰ میں بدھ کو روز کیسز کی سماعت جاری تھی کہ اس دوران ایک وکیل بیرسٹر ڈاکٹر عدنان خان عدالت میں پیش ہوئے۔وکیل نے عدالت میں پیش ہونے کے بعد کہا کہ مجھے کورونا وائرس ہے لیکن میں آپ کی عدالت میں پیش ہورہا ہوں۔

(جاری ہے)

عدالت میں وکیل کی اس بات کے بعد کھلبلی مچ گئی، جس پر چیف جسٹس نے متاثرہ وکیل سے پوچھا کہ آپ عدالت میں کیوں آئے ہیں ، آپ دوسروں کی زندگیوں سے کھیل رہے ہیں۔اس پر وکیل نے کہا کہ تین دن قبل کورونا وائرس کے سبب کیس ملتوی کرنے کی دخواست ایک عدالت میں بھجوائی تاہمم میرا کیس خارج کردیا گیا۔وکیل نے کہا کہ ہائر ایجوکیشن کے لیکچرارز کا اہم کیس لگا ہوا تھا، اس لیے آگیا۔اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ آپ اپنے دلائل تحریری طور پر دے دیں اور فوراً کمرہ عدالت سے چلے جائیں، جس کے بعد وکیل کمرہ عدالت سے چلے گئے۔