ریٹائرمنٹ بینیفٹ کی عدم ادائیگی از خود نوٹس کیس ،نجی بینک کے وکیل کرونا وائرس میں مبتلا ،سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی

الائیڈ بینک کے وکیل کے مطابق ماضی میں کیسز کو ایک ساتھ سنا گیا ہے، آئندہ تمام بنکوں کے کیسز کو یکجا کر کے سنا جائے گا، عدالت عظمیٰ

بدھ 25 نومبر 2020 15:56

ریٹائرمنٹ بینیفٹ کی عدم ادائیگی از خود نوٹس کیس ،نجی بینک کے وکیل کرونا ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے ریٹائرمنٹ بینیفٹ کی عدم ادائیگی پر لیے گئے ازخودنوٹس کیس میں نجی بینک کے وکیل کے کرونا وائرس میں مبتلا ہونے کے باعث سماعت 2 ہفتوں تک ملتوی کر دی۔بدھ کو جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں قائم تین رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی۔دور ان سماعت عدالت عظمیٰ نے کہاکہ الائیڈ بینک کے وکیل کے مطابق ماضی میں کیسز کو ایک ساتھ سنا گیا ہے، آئندہ تمام بنکوں کے کیسز کو یکجا کر کے سنا جائے گا۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ یو بی ایل کے وکیل کو کرونا ہو گیا ہے۔دوران سماعت پنشنرز کا عدالت میں شور شرابہ کیا اور کہاکہ یونائیٹڈ بینک لمیٹڈ نے سو سال کی عمر والے کو اپنا وکیل مقرر کیا ہے، وکیل صاحب اپنی عمر کی وجہ سے پیش ہی نہیں ہوتے۔

(جاری ہے)

پینشنر نے کہاکہ میں خود 70 سال کا ہوں اور مرنے کے قریب ہوں، ہمارے کیس کا جلد سے جلد فیصلہ کیا جائے، 2018 میں عدالت ہمارے حق میں فیصلہ دے چکی ہے۔

جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ عمر کا معاملہ اللّٰہ پاک کی ذات کا ہے، جوان بھی مر جاتے ہیں ایسی بات نہ کریں، آپ کو پہلے کچھ نہیں ملتا تھا اب کچھ نا کچھ مل رہا ہے۔ایک اور پینشنر کے شور کرنے ہر عدالت نے تمام پینشنرز کو عدالت سے باہر جانے کا حکم دے دیا۔ جسٹس عمر عطاء بندیال نے کہاکہ آپ کو عدالت کا کوئی احترام نہیں ہے ،آپ سب لوگ روسٹرم سے ہٹ جائیں۔