ہائیکورٹ نے قتل کیس میں پھانسی کی سزا پانے والے قیدی کومقدمے کے 13 سال بعد بری کر دیا

دو رکنی بنچ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سزائے موت کے قیدی محمد ممتاز کو بری کردیا

بدھ 25 نومبر 2020 16:08

ہائیکورٹ نے قتل کیس میں پھانسی کی سزا پانے والے قیدی کومقدمے کے 13 سال ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) لاہور ہائیکورٹ نے قتل کیس میں پھانسی کی سزا پانے والے قیدی کومقدمے کے 13 سال بعد بری کر دیا ،لاہور ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے سزائے موت کے قیدی محمد ممتاز کو بری کردیا ۔لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس صداقت علی خان اور جسٹس شہرام سرور چودھری نے سزائے موت کے قیدی محمد ممتاز کی اپیل پر سماعت کی ۔

وکیل صفائی نے موقف اختیار کیا کہ تھانہ صدر سرگودھا میں ۶ جولائی 2007 کو محمد اشرف کے قتل کا مقدمہ درج کیا گیا ۔مقدمے میں محمد ممتاز سمیت چھ ملزمان کو نامزد کیا گیا ۔ٹرائل کورٹ نے محمد ممتاز کو سزائے موت جبکہ محمد اختر کو دس سال قیدسزا سنائی جبکہ چار ملزمان بری کردئیے ، ٹرائل کورٹ کی سزا سنانے کے خلاف ہائیکورٹ میں اپیل کی، ہائیکورٹ نے اپیل نمٹاتے ہوئے معاملہ دوبارہ ٹرائل کورٹ کو بھجوا دیا ، ٹرائل کورٹ نے اپنافیصلہ برقرار رکھا -دس سال قید پانے والے محمد اختر سزا پوری کرچکا ہے، چشم دید گواہوں کی موقع پر موجودگی ثابت بھی نہیں ہوتی ۔

(جاری ہے)

استدعا ہے کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے ۔ ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل نے اپیل کی مخالفت کی اور موقف اختیار کیا کہ پولیس تفتیش، میڈیکل رپورٹس اور گواہوں کے بیانات کے مطابق مجرم ممتاز قصوروار ہے۔دو رکنی بنچ نے فریقین کے وکلا کے دلائل کے بعد سزائے موت کے قیدی محمد ممتاز کو بری کرنے کا حکم دے دیا۔