آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میںوزراء حکومت کا خادم حسین رضوی کی وفات پر تعزیت کا اظہار

بدھ 25 نومبر 2020 17:03

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں وزیر بحالیات راجہ محمد صدیق،وزیر وائلڈ لائف و فشریز راجہ جاوید اقبال، ممبرا ن اسمبلی پیر سید علی رضا بخاری اور فائز ہ امتیاز نے خادم حسین رضوی کی وفات پر تعزیت کی، لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی فورسز کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ اور مقبوضہ کشمیر میں ہندوستان کی قابض افواج کی جانب سے ریاستی دہشت گردی کے خلاف قراردادیں پیش کیں جنہیں ایوان نے اتفاق رائے سے منظور کر لیا۔

وزیر بحالیات راجہ محمد صدیق خان کی قرار داد میں کہا گیا کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر کا یہ اجلاس مولانا خادم حسین رضوی کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتا ہے۔ خادم حسین رضوی نہ صرف ممتاز مذہبی سکالر تھے بلکہ اعلیٰ پائے کے خطیب اور سچے عاشق رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم تھے۔

(جاری ہے)

آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کا یہ اجلاس اُن کی مذہبی خدمات، حب رسول صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم اور ختم نبوت کے لئے بے مثال اور غیر متذلزل جدوجہد کو خراج ِ عقیدت پیش کرتا ہے۔

مرحوم کی مذہبی، ملی اور قومی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ یہ اجلاس اُن کی رحلت پر انتہائی دُکھ و رنج و الم کا اظہار کرتے ہوئے اُن کے لواحقین، معتقدین سے اظہار تعزیت کرتا ہے۔ مرحوم ختم نبوت اور اسلامی اُصولوں کی بالادستی کے آمین تھے۔ مرحوم کا کردار تاریخ میں سنہری حروف سے لکھا جائے گا۔ اللہ پاک سے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، اُن کے درجات بلند فرمائے اور اُن کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطائفرمائے۔

آمین۔وزیر وائلڈ لائف و فشریز جاوید اقبال کی قرارد اد میں کہا گیا کہ قانون ساز اسمبلی آزاد جموں وکشمیر کا یہ اجلاس ضلع نیلم، جہلم ویلی، مظفرآباد، حویلی، لیپہ، کھوئی رٹہ اور پونچھ سیکٹر میں بھارتی افواج کی بلا اشتعال فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے اور فائرنگ کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے لئے تعزیت اور زخمی ہونے والے افراد کے لئے ہمدردی کا اظہار کرتا ہے۔

اس معزز ایوان کی رائے میں ہندوستان لاکھوں کشمیریوں کا قاتل ہے جو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کے ہاتھوںانسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے توجہ ہٹانے کے لئے سیز فائر لائن پر معصوم لوگوں کو نشانہ بنا رہا ہے۔ بھارت کو یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کشمیری ایک بہادر اور غیور قوم ہیں وہ بھارت کے اوچھے ہتھکنڈوں سے کبھی نہیں گھبراتے اور نہ ہی بھارت بلااشتعال فائرنگ سے سیز فار لائن پر بسنے والے لوگوں کے حوصلے کو پست کر سکتا ہے۔

اس ایوان کی رائے میں بھارت ایک طرف تو آزادکشمیر کے معصوم شہریوں کے جان و مال و املاک کو تباہ کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین مظالم ڈھائے جا رہے ہیں، دوسری طرف ہندوستان نے اپنی فوج کو کشمیریوں کی نسل کشی کے لئے کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور سیز فار لائن پر آباد شہریوں کو مسلسل بھارتی فوج کی اشتعال انگیزی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔