آئی سی سی ایوارڈز،حقداروں کی فہرست میں مصباح الحق، یاسر شاہ بھی شامل

بدھ 25 نومبر 2020 21:52

آئی سی سی ایوارڈز،حقداروں کی فہرست میں مصباح الحق، یاسر شاہ بھی شامل
دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے گزشتہ دہائی کے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کیلئے نامزدگیوں کا اعلان کردیا ہے۔دنیا ئے کرکٹ کے کئی بڑے ناموں کے درمیان سابق کپتان مصباح الحق اور پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ بھی ایوارڈ زکے حقدار کے طور پر نامزد کیے گئے ہیں۔آئی سی سی نے پاکستانی لیگ اسپنر یاسر شاہ کو دہائی کے بہترین ٹیسٹ پلیئر اور مصباح الحق کو اسپرٹ آف کرکٹ کے کیٹگری میں ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔

آئی سی سی نے ٹیسٹ، ایک روزہ اور ٹی 20 فارمیٹ میں گزشتہ 10 برس کے بہترین کھلاڑیوں کے انتخاب کے لیے مختلف نامزدگیاں کی گئی ہیں۔11جنوری 2011ء سے 7 اکتوبر 2020 کے دوران پرفارمنس کی بنیاد پر دہائی کے بہترین پلیئرز کا انتخاب کیا جائیگا، کرکٹ سے محبت کرنے والے 16 دسمبر تک اپنے پسندیدہ کھلاڑی کے لیے ووٹ کاسٹ کرسکتے ہیں۔

(جاری ہے)

دہائی کے بہترین پلیئر کی کٹیگری میں بھارت کے ویرات کوہلی اور ایشون، انگلینڈ کے جوروٹ، سری لنکا کے کمار سنگاکارا، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ، جنوبی افریقا کے اے بی ڈیولیئرز اور نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن انتخاب کے لیے نامزد کیے گئے ہیں۔

بہترین ٹیسٹ پلیئر کی کیٹگری میں پاکستان کے یاسر شاہ، انگلینڈ کے جیمز اینڈرسن اور جوروٹ، سری لنکا کے رنگانا ہیراتھ، بھارت کے ویرات کوہلی، آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ اور نیوزی لینڈ کے کین ولیم سن نامزدگی کیلئے شامل ہیں۔ایک روزہ کرکٹ کے 7 بہترین کھلاڑیوں میں بھارت کے ایم ایس دھونی، ویرات کوہلی، روہیت شرما، سری لنکا کے لیستھ ملینگا، سنگاکارا، آسٹریلیا کے مچل اسٹارک اور جنوبی افریقا کے اے بی ڈی ولیئرز شامل ہیں۔

ٹی 20 کرکٹرزکے ایوارڈ کے لیے ویسٹ انڈیز کے کرس گیل، آسٹریلیا کے ایرن فنچ، سری لنکا کے ملینگا، افغانستان کے راشد خان، جنوبی افریقا کے عمران طاہر اور بھارت سے ویرات کوہلی اور روہیت شرما میں مقابلہ ہوگا۔آئی سی سی’ اسپرٹ آف کرکٹ ایوارڈ‘ کے لیے 2 خواتین سمیت 9 کھلاڑی نامزد کیے گئے ہیں، جن میں پاکستان کے سابق کپتان مصباح الحق بھی شامل ہیں۔دیگر میں نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم، ڈینیئل ویٹوری، کین ولیمسن، سری لنکا کے جے وردھنے، بھارت کے ویرات کوہلی، ایم ایس دھونی جبکہ خواتین میں انگلینڈ کی کیتھرین برنٹ اور اینیا شربسول شامل ہیں۔