وزیراعظم نے لاہور میں ’’نیا پاکستان ،منزلیں آسان، دیہی رسائی‘‘پروگرام کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا

منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 14 ارب کی لاگت سے مجموعی طور پر 1076 کلو میٹر لمبی 154 سڑکیں بنائی جائیں گی وزیر اعظم نے دورہ لاہور میں مختلف اجلاسوں کی صدارت کی ،سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ اور والٹن ائیرپورٹ کی منتقلی پر بریفنگ دی گئی صوبائی اسمبلی میں اب تک کی گئی قانون سازی پر وزیر قانون راجہ بشارت کی بریفنگ ، عوامی فلاح کی قانون سازی پر خصوصی توجہ دی جائے‘عمران خان

بدھ 25 نومبر 2020 23:16

وزیراعظم نے لاہور میں ’’نیا پاکستان ،منزلیں آسان، دیہی رسائی‘‘پروگرام ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 نومبر2020ء) وزیراعظم عمران خان نے دورہ لاہور کے دوران مختلف اجلاسو ں کی صدارت کی،وزیراعظم عمران خان نے لاہور میں ’’نیا پاکستان ،منزلیں آسان، دیہی رسائی‘‘پروگرام کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا، منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 14 ارب کی لاگت سے مجموعی طور پر 1076 کلو میٹر لمبی 154 سڑکیں بنائی جائیں گی۔

وزیر اعظم کوسینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ اور والٹن ائیرپورٹ کی منتقلی پر بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گل، وزیراعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان ،مشیر برائے داخلہ شہزاد اکبر ، چیف سیکرٹری پنجاب اور سول ایویشن کے اعلی عہدے داروں نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم عمران خان نے حکام کو تاکید کی سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ پراجیکٹ والٹن کو در پیش تمام روکاوٹوں کو جلد از جلد قانون کے مطابق حل کیا جائے تا کہ اس منصوبے سے خطیر معاشی فائدہ حاصل ہو سکے۔وزیر اعظم عمران خان کو وزارت قانون کی طرف سے صوبائی اسمبلی میں اب تک کی گئی قانون سازی پر وزیر قانون راجہ بشارت نے بریفنگ بھی دی ۔راجہ بشارت نے وزیر اعظم کو آگاہ کیا کہ صوبائی سطح پر اسمبلی سے منظور شدہ قوا نین کی تعداد آرڈیننس سے زیادہ ہے اور اب تک بہت سے قوانین دہائیو ں کے بعد بدلے گئے ہیں ۔

وزیر اعظم عمران خان نے وزارت قانون کی کارکردگی کی تعریف کی اور تاکید کی کہ عوامی فلاح کی قانون سازی پر خصوصی توجہ دی جائے ۔صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے کارپورٹیو ڈیپارٹمنٹ کو موثر انداز میں فعال کرنے پر بریفنگ دی اور وزیر اعظم نے کسانوں کی زر عی پیداوار کی استعداد بڑ ھانے کے لئے خصوصی پیکج کی تیاری کی بھی ہدایت کی ۔وزیر اعظم عمران خان کو صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد اور وزارت صحت کے اعلی حکام نے پنجاب بھر میں ہیلتھ انشورنس پر بریفنگ دی۔

وزیر اعظم عمران خان نے پنجاب بھر کی تمام آبادی کو صحت کارڈ کی جلد فراہمی یقینی بنانے کی خصوصی تاکید کی اوراس ضمن میں ہر ممکن اقدامات کی ہدایت کی ۔صوبائی وزیر صحت یاسمین راشد نے صحت میڈیسن کارڈ اور ماں بچہ کارڈ کے اجرا، ترسیل و تقسیم پر بھی وزیر اعظم کو بریفنگ دی ۔وزیرِ اعظم عمران خان نے لاہور میں ’’نیا پاکستان ،منزلیں آسان، دیہی رسائی‘‘پروگرام کے دوسرے مرحلے کا افتتاح کر دیا۔

منصوبے کے تحت پنجاب بھر میں 14 ارب کی لاگت سے مجموعی طور پر 1076 کلو میٹر لمبی 154 سڑکیں بنائی جائیں گی۔پروگرام کی نگرانی پرونشل سٹیرنگ کمیٹی کرے گی اور فنڈ ہیومن ڈویلپمنٹ انڈکس اور سڑک کی لمبائی کو مد نظر رکھتے ہوئے مختص کئے جائیں گے اور نگرانی کی جائے گی۔منصوبے میں 70 فی صد مرمتی کام اور نئی سڑکیں 30 فی صد کی شرح سے بنائی جائیں گی.واضح رہے کہ پہلے مرحلے میں مجموعی طور پر 1256 کلومیٹر لمبی 174 سڑکیں بنائی گئیں۔ وزیر اعظم نے دیہی علاقوں کی ترقی اور زرعی اجناس کو منڈیوں تک پہچانے کیلئے بنیادی ڈھانچے کی اہمیت پر زور دیا اور منصوبے کو اس حوالے سے ایک اہم سنگِ میل قرار دیا۔