لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی‘بھارتی سفیر کی دفتر خارجہ طلبی

قابض بھارتی فوج کی جانب سے جنگ بندی کی بار بار خلاف ورزیوں پر احتجاج ریکارڈ کروایا گیا

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 26 نومبر 2020 13:03

لائن آف کنٹرول پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی‘بھارتی سفیر کی دفتر ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 نومبر ۔2020ء) دفتر خارجہ میں بھارتی سینئر سفارت کار کو طلب کر کے 25 نومبر کو قابض بھارتی افواج کی جانب سے لائن آف کنٹرول (ایل اوسی) کے بگسر سیکٹر میں جنگ بندی کی بلااشتعال خلاف ورزیوں پر شدید احتجاج ریکارڈ کیا گیا جس کے نیتجے میں ایک شہری شہید ہوگیا تھا. ترجمان دفتر خارجہ کے جاری کردہ بیان کے مطابق بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ سے گڑھی گاﺅں کے رہائشی 33 سالہ انصار ولد محمد اشرف شہدید ہوئے دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی قابض فورسز ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری میں شہری آبادی کو آرٹلری فائر، مارٹرز اور خودکار ہتھیاروں سے مسلسل نشانہ بنا رہی ہے.

(جاری ہے)

بیان کے مطابق بھارت نے رواں برس 2 ہزار 840 مرتبہ جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کی جس کے نتیجے میں 276 شہادتیں ہوئیں اور 245 معصوم شہری شدید زخمی ہوئے ترجمان دفتر خارجہ نے ان اقدامات کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ فائرنگ واضح طور پر 2003 کے جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہے اور انسانی اقدار اور پیشہ ورانہ فوجی قواعد کے بھی خلاف ہے. انہوں نے کہا کہ بھارت بین الاقوامی قانون کی خلاف وزی کرتے ہوئے ایل او سی کے اطراف میں کشیدگی کو ہوا دے رہا ہے، جو خطے کے امن و استحکام کے لیے خطرہ ہے دفتر خارجہ نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری میں کشیدگی کو ہوا دے کر بھارت مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی گھمبیر صورت حال سے دنیا کی توجہ نہیں ہٹا سکتا.

بھارت سے 2003 کے معاہدے کی پاسداری کا مطالبہ کرتے ہوئے دفتر خارجہ نے کہا کہ ان واقعات کی تفتیش کرکے ایل او سی اور ورکنگ باﺅنڈری پر امن کو برقرار رکھا جائے دفتر خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصر مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے کی اجازت دے . خیال رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے میں بھارت کی جانب سے لائن آف کنٹرول پر بلااشتعال فائرنگ کے واقعات میں تواتر اضافہ دیکھا گیا ہے اور آئے روز آزاد کشمیر میں ایل او سی کے مختلف سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ کی جاتی ہے اس سے قبل 22 نومبر کو لائن آف کنٹرول پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کے نتیجے میں خواتین اور بچوں سمیت 11 بے گناہ شہری شدید زخمی ہو گئے تھے.