سٹوڈنٹ اولمپک گیمز کے فٹ سال ایونٹ میں بلیک جیگرز کلب، حمید سپورٹس اور عباس میموریل کلب نے کامیابی حاصل کرلی

جمعرات 26 نومبر 2020 13:58

سٹوڈنٹ اولمپک گیمز کے فٹ سال ایونٹ میں بلیک جیگرز کلب، حمید سپورٹس ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) پاکستان سٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام جاری سٹوڈنٹ اولمپک گیمز کے فٹ سال ایونٹ میں بلیک جیگرز کلب، حمید سپورٹس اور عباس میموریل کلب کی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ منی سپورٹس کمپلیکس میں ناظم آباد کراچی میں گذشتہ روز کھیلے گئے فٹ سال کے ایونٹ کے پہلے میچ میں بلیک جیگرز کلب نے فرڈرز سپورٹس کلب کو 2-1 گول سے ہرا دیا،دوسرے میچ میں حمید سپورٹس نے یونائیٹڈ سپورٹس کو 6-5 پنلٹی ککس سے شکست دی، مقررہ وقت میں دونوں ٹیمیں 3-3 گول سے برابر رہیں، میچ کا فیصلہ پنلٹی ککس پر ہوا، پنلٹی ککس پر حمید سپورٹس نے تین گول اور یونائیٹڈ سپورٹس نے دو گول کئے، تیسرے میچ میں عباس میموریل کلب نے حیدری سپورٹس کو 10-7 سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

فٹ سال کے ایونٹ میں 35 ٹیمیں ناک آوٹ سسٹم پر حصہ لے رہی، پاکستان سٹوڈنٹ اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر مقبول آرائیں نے بتایا کہ ملک میں کرونا وائرس کے باعث چار مقابلوں کے مقابلے رکھے گئے ہیں جن میں تھروبال، آرچری، فٹ سال اور روپ سکیپنگ شامل ہیں، یہ تمام مقابلے منی سپورٹس کمپلیکس، ناظم آباد کراچی میں ہو رہے ہیں، دو زوزہ تھروبال کے مقابلے 28 اور 29 نومبر کو، ایک روزہ روپ سکیپنگ کے مقابلے 28 نومبر کو، ایک روزہ آرچری کے مقابلے 29 نومبر کو اور 6 روزہ فٹ سال کے مقابلے 24 سے 29 نومبر تک منعقد ہورہے ہیں، ان مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ملک میں کرونا وائرس کی دوبارہ شروع ہونے والی لہر سے گیمز میں کھیلوں کے مقابلوں کی تعداد کم رکھی گئی ہے اور آئندہ برس پاکستان سٹوڈنٹ اولمپک گیمز جون، جولائی اسلام آباد میں ہونگے جس کی میزبانی کے فرائض اسلام آباد سٹوڈنٹ ایسوسی ایشن انجام دے گی جس میں پندرہ کھیلوں کے مقابلے رکھے جائیں گے اور ان کھیلوں کے مقابلوں میں ملک بھر سکولوں کے طلبا ء و طالبات حصہ لیں گے۔