Live Updates

وزیراعلی عثمان بزدار نے لعل شہباز قلندر(فردو س مارکیٹ) انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کر دیا

جمعرات 26 نومبر 2020 17:45

وزیراعلی عثمان بزدار نے لعل شہباز قلندر(فردو س مارکیٹ) انڈر پاس منصوبے ..
لاہور۔26نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25نومبر2020ء) :وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے جمعرات کے روز سنٹرپوائنٹ گلبرگ پر لعل شہباز قلندر(فردو س مارکیٹ) انڈر پاس منصوبے کا افتتاح کر دیا۔وزیراعلی عثمان بزدار نے تختی کی نقاب کشائی کی اور دعا بھی کی۔انڈر پاس کو تقریباً ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیاہے-وزیراعلی نے کہاکہ حکومت نے شفاف ٹینڈرنگ کے ذریعے تعمیراتی لاگت میں 13کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی ہے، سنٹر پوائنٹ گلبرگ سے ایم ایم عالم روڈ اور کیولری گرائونڈ کی طرف جانے والی ٹریفک میں روانی آئے گی اورگلبرگ و کینٹ ایریا کے دوران آمدورفت بلا تعطل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ لعل شہباز قلندر انڈر پاس سے روزانہ تقریباً ایک لاکھ شہری مستفید ہوں گے ،ایندھن کی مد میں سالانہ کروڑوں روپے کی بچت اورشہریوں کا قیمتی وقت بھی ضائع نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تعمیراتی لاگت میں 13 کروڑ روپے کی بچت کا کریڈ ٹ موجودہ حکومت کی شفاف پالیسیوں کو جاتا ہے،560 میٹر طویل لعل شہباز قلندر انڈر پاس دونوں اطراف 2،2 لین پر مشتمل ہے،بارشی پانی کے اخراج کے لئے خصوصی اقدامات کئے گئے ہیں ، منصوبے کو عظیم صوفی بزرگ لعل شہباز قلندر کے نام سے منسوب کیاہے۔

انہوں نے کہاکہ لاہو رشہر کی تعمیر و ترقی پر پوری توجہ ہے ،لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتوں کی فراہمی کے لئے نئے منصوبے شروع کر رہے ہیں جبکہ لاہور کے شہریوں کو مزید سہولتیں فراہم کریں گے-وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے لعل شہبازقلندر (فردوس مارکیٹ)انڈر پاس کا دورہ بھی کیااور منصوبے کے افتتاح کے بعد انڈر پاس کے تعمیراتی معیار کا جائزہ لیا- وزیراعلی نے انڈر پاس کے دونوں اطراف کا معائنہ کیااور تعمیراتی کاموں کے معیار کا مشاہدہ کیا -وزیراعلی نے معیاری کام کی تعریف کی اور مزدوروں کو شاباش دی-ڈی جی ایل ڈی اے احمد عزیز تارڑ نے عثمان بزدار کو منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔

صوبائی وزرا میاں محمود الرشید،مراد راس،تحریک انصاف سنٹر ل پنجاب کے صدر اعجاز چودھری،معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان،چیف سیکرٹری، وائس چیئرمین ایل ڈی اے شیخ محمد عمران،اراکین پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل، سمیرا احمد، منتخب نمائندے، کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات