حماس اختلافات کے باوجود تحریک فتح کیساتھ مصالحتی بات چیت جاری رکھے گی،الشیخ صالح العاروری

نہیں چاہتے معاملات ایک بار پھر صفر پر چلے جائیں،اختلافات کی بنیاد پرہم مصالحت کا سفر کھوٹا نہیں کریں گے، حماس رہنماء

جمعرات 26 نومبر 2020 19:36

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) اسلامی تحریک مزاحمت کے سیاسی شعبے کے نائب صدر الشیخ صالح العاروری نے کہا ہے کہ ان کی جماعت اختلافات کے باوجود تحریک فتح کے ساتھ مصالحتی بات چیت جاری رکھے گی،نہیں چاہتے معاملات ایک بار پھر صفر پر چلے جائیں۔ایک انٹرویو میں صالح العاروری نے کہا کہ حماس اور فتح کے درمیان مصالحتی مذاکرات پیچھے کی جانب جانے کے امکانات نہیں ہیں۔

دونوں جماعتیں اختلافات کے باوجود بات چیت کا عمل آگے بڑھانے کے لیے تیار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک فتح کی نمائندگی پرمشتمل فلسطینی اتھارٹی نے اسرائیل کے ساتھ سیکیورٹی تعاون اور رابطے بحال کرکے عوام کو مایوس کیا ہے تاہم اس کے باوجود ہمیں پورا یقین اور وثوق ہے کہ حماس مصالحت کا عمل پایہ تکمیل تک پہنچائے گی۔انہوں نے کہا کہ مصالحت کیلئے ہماری مساعی جاری رہیں گی اور اختلافات کی بنیاد پرہم مصالحت کا سفر کھوٹا نہیں کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ دونوں جماعتوں کے درمیان مصالحتی عمل جاری رکھنے کاعزم موجود ہے تاہم انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے دونوں جماعتوں میں اختلافات ہیں۔ تاہم توقع ہے کہ جلد ہی یہ اختلافی نقطہ بھی حل ہوجائے گا۔