دبئی کی جبل علی بندرگاہ پر اسرائیل کا پہلا کارگو بحری جہاز سامان لیکر پہنچ گیا

متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان تعلقات میں تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے میں کردار ادا کرنے پر کیموہا انٹرپرائزز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں ، چیئرمین دبئی پورٹس ورلڈ گروپ

جمعرات 26 نومبر 2020 19:27

ابو ظہبی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) دبئی کی جبل علی بندرگاہ پر اسرائیل کا پہلا کارگو بحری جہاز سامان لیکر پہنچ گیا ۔اماراتی میڈیا کے مطابق ’’کموہا انٹرپرائزز‘‘کمپنی کا درآمدی اشیاء پر مشتمل ایک کنٹینر جبل علی بندرگاہ پہنچا ہے۔ یہ جہاز اسرائیل کی ’’اشدود‘‘ بندرگاہ سے ہوتا ہوا اماراتی بندرگاہ تک پہنچا ہے۔

(جاری ہے)

دبئی پورٹس ورلڈ گروپ کے چیئرمین سلطان احمد بن سلیم نے کہا کہ ہم اس اقدام کیلئے کیموہا انٹرپرائزز کو مبارکباد پیش کرتے ہیں جو متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تعلقات میں تجارتی تعلقات کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ہمیں خوشی ہے کہ جبل علی پورٹ دونوں ملکوں کے مابین تجارتی نقل و حرکت کو آسان بنانے کا مرکز ہے، یہ عمل محض آغاز ہے، آنے والے دنوںمیں دونوں ممالک کے درمیان مزید بحری تجارت ہوگی۔

کیموہا انٹرپرائزز کے چیئرمین کرن آشر نے کہا کہ ہمیں اعزاز حاصل ہواہے کہ امارات اور اسرائیل کے درمیان پہلا تجارتی قافلہ ہماری کمپنی کے ذریعے پہنچا ہے۔ اس سے متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین تجارتی تبادلے پر بہت مثبت اثرات پڑیں گے۔ یہ قدم دونوں ممالک کی تاریخ میں ایک نظیر کے طور پر دیکھا جائے گا۔