جی سی یو میں اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کے پہلے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس

جمعرات 26 نومبر 2020 19:58

لاہور۔26نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26نومبر2020ء) :گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کے پہلے ایڈوائزری بورڈ کا اجلاس، اجلاس سے وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول محمد اعظم خان سواتی نے آن لائن خطاب کیا جبکہ اس موقع پروائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی،ترجمان پنجاب حکومت ڈاکٹر زرقا سہروردی اور ممبر پنجا ب اسمبلی طلعت نقوی بھی مو جو د تھے۔

وفاقی وزیر برائے نارکوٹکس کنٹرول محمد اعظم خان سواتی کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں اور کالجز میں منشیات کی روک تھام اور آگاہی کیلئے انسداد منشیات سوسائٹیز کا قیام بہت ضروری ہے، وزارت منشیات نے جی سی یو اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کے قیام پر وائس چانسلر کو مبارکباد دی۔ ان کا کہناتھا کہ وزارت منشیات جی سی یو اینٹی نارکوٹکس سوسائٹی کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ سوسائٹی کیمپس کے اطراف میں ہونے والی مشکوک سرگرمیوں کی نگرانی کرے گی اور ان کی اطلاع انتظامیہ اور ایجنسیوں کودے گی۔ترجمان پنجاب حکومت، ڈاکٹر زرقا سہروردی کا کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں کو منشیات سے پاک بنانے میں ہر فرد کواپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ممبر پنجا ب اسمبلی طلعت نقوی نے کہا کہ منشیات پر قابو پانے کے لئے نوجوانوں کو صحت مند اور تخلیقی سرگرمیاں مہیا کرنا ہو نگی۔