Live Updates

لاہور شہر کو کئی حصوں میں تقسم کرنے کی تجویز

کراچی کی طرح لاہورکو چار اضلاع اور سولہ تحصیلوں پر مشتمل تقسیم کی جائے تاکہ لاہور کے انتظامی امور اور بڑھتے ہوئے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے: صدر تحریک انصاف سینٹرل پنجاب

جمعرات 26 نومبر 2020 19:58

لاہور شہر کو کئی حصوں میں تقسم کرنے کی تجویز
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26نومبر2020ء) لاہور شہر کو کئی حصوں میں تقسم کرنے کی تجویز۔ تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف سنٹرل پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری کی صدارت میں لاہور کی شمالی و جنوبی گورننگ باڈی کے اراکین کا مشاورتی اجلاس پارٹی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا، اجلاس میں لاہور کو انتظامی تقسیم کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گورننگ باڈی کے اراکین نے اپنی اپنی تجاویز پیش کیں۔ پارٹی کی طرف سے دی جانے والی تجویز کے مطابق کراچی کی طرح لاہورکو چار اضلاع اور سولہ تحصیلوں پر مشتمل تقسیم کی جائے تاکہ لاہور کے انتظامی امور اور بڑھتے ہوئے مسائل کو بہتر طریقے سے حل کیا جا سکے۔ واضح رہے کہ حکومت پنجاب نے لاہور کو اضلاع میں تقسیم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

گزشتہ ہفتے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی زیرصدارت ہوئے اجلاس میں تجویز پیش کی گئی کہ لاہور میں عوامی مسائل حل کرنے کیلئے کراچی کی طرز پر اضلاع میں تقسیم کردیا جائے، جس پر وزیراعلیٰ نے عملی اقدامات کیلئے ایکشن پلان مانگ لیا ۔

بتایا گیا ہے کہ آئندہ ہفتے ان اقدامات کا دوبارہ جائزہ لیا جائے گا۔ یاد رہے کراچی میں اضلاع ہونے کے باوجود عوامی مسائل جوں کے توں ہیں، کوئی پرسان حال نہیں ہے، اضلاع کو بس سیاسی سرگرمیوں اور انتخابی حلقہ بندیوں کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، لیکن وہاں کے مسائل بڑھتے ہی جارہے ہیں۔ اس کے مقابلے میں لاہور میں مسائل تو ہیں لیکن اس قدر مسائلستان نہیں جیسے کراچی بنا ہوا ہے۔

سندھ حکومت نے بھی سندھ حکومت نے اگست میں صوبے میں ایک ضلع کراچی دوسرا خیر پور بنایا ہے۔ کراچی ضلع کا نام کیماڑی رکھا گیا جس میں سائٹ بلدیہ ٹاؤن، ہاربر اور ماڑی شامل کیے گئے ہیں۔، کابینہ اجلاس میں کراچی کے باقی چھ اضلاع کے نام بھی تبدیل کرکے اہم شخصیات اور تاریخی مقامات سے منسوب کرنے کی تجویز بھی پیش کی گئی تھی۔ ضلع جنوبی کا نام صرف کراچی رکھا جائے گا۔ ضلع خیر پور کو بھی دو ڈسٹرکٹ میں تقسیم کرنے کی تجویز پیش کی گئی ہے۔ اسی طرح سندھ کابینہ نے کیماڑی ضلع بنانے کی منظوری بھی دے دی ہے۔ کراچی میں اضلاع مسائل حل کرنے کیلئے بنائے گئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات