جماعت اسلامی سندھ کی سیاسی صورتحال پر قرارداد

جماعت اسلامی کا صوبہ میں بروقت شفاف بلدیاتی انتخابات اور اداروں کو مالی وانتظامی طورپربااختیار بنانے کامطالبہ

جمعرات 26 نومبر 2020 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) جماعت اسلامی سندھ نے صوبہ میں بروقت شفاف بلدیاتی انتخابات اوربلدیاتی اداروں کو مالی وانتظامی طورپربااختیار بنانے کامطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بے اختیاروڈمی نمائندوں کا کوئی فائدہ نہیں ہے،جس طرح مہذب ملکوں میں شہری حکومتوں کو بااختیار کیا جاتا ہے سندھ میں بھی کراچی تاء کشمورمقامی حکومتوں کو مکمل اختیار دئیے جائیں تا کہ بنیادی جمہوریت کاجو تصور ہے وہ عملاًنذر بھی آئے ۔

عدالتی احکامات کے باوجود بلدیاتی انتخابات نہ کرانا آئین کی خلاف ورزی اور عوام کے بنیادی حقوق پرڈاکہ ہے۔یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے اجلاس میںمنظور ہونے والی سیاسی قرارداد میں کہی گئی جوکہ قباء آڈیٹوریم میں صوبائی امیر محمد حسین محنتی کی زیر صدارت منعقد ہوا۔

(جاری ہے)

قرارداد میں مزید کہا گیا کہسندھ کے بلدیاتی اداروں کی مدت کئی ماہ سے پوری ہوچکی ہے۔

مگر سندھ حکومت کی عدم دلچسپی اور عدم توجہ سے محسوس ہوتا ہے کہ وہ بلدیاتی اداروں کے انتخابات کرانا نہیں چاہتی، بلدیاتی اداروں کو عوامی نمائندوں کے بجائے سرکاری ملازمین کے ذریعے چلانا چاہتے ہیں لوکل گورنمنٹ گراس روٹ لیول کی حکومت ہوتی ہے صوبے میں میں بنیادی جہوریت ہی کا نہ ہونا جمہوریت اور عوام سے مذاق ہے اس لیے فوری طور پر بلدیاتی الیکشن کا اہتمام و انتظام کیا جائے۔

قرارداد میں مزید کہا گیا کہ سند ھ میں لاقانونیت، بدامنی اور بالائی سندھ میں قبائلی فساد کے سبب عام آدمی شدید پریشان اور مضطرب ہے شہریوں کو امن اوران کی جان واملاک کو تحفظ دینا حکومت کا بنیادی فرض ہے مگر سندھ حکومت اپنے بنیادی فرض سے غافل نظر آتی ہے جس کے باعث آئے رو ز بد امنی اور لاقانونیت میں اضافہ ہوتا جارہا ہے کشمور میں مظلوم بچی اور اس کی ماں سے زیادتی افسوناک اور شرمناک عمل تھا جسکی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے بچی کی بازیابی پر کشمور پولیس خاص طوراے ایس آئی اور ان کے اہل خانہ کا کردار قابل فخر اور قابل تحسین ہے جماعت اسلامی کا اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ مظلوم بچی کا سرکاری خرچ پربہتر علاج کرایا جائے اور ان کی تعلیم و تربیت کاانتظام بھی حکومت کو کرنا چاہیے، بچی کی بازیابی پرقابل تحسین کردار ادا کرنے والے اے ایس آئی اور ان کی بیٹی کو ستارہ جرات سے نوازا جائے بالائی سندھ سے قبائلی فساد بڑھتا جارہا ہے جس کے سبب آئے روز بے گناہ لوگ قتل کیے جاتے ہیں جو انتہائی افسوس ناک اور شرمناک عمل ہے اس فساد کے خاتمے کے لئے سند ھ حکومت کی خاموشی بھی قابل مذمت ہے۔

جماعت اسلامی کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کہ اپر سندھ میں جاری قبائلی فساد کو روکنے کے لئے خصوصی قانون سازی کی جائے اورقانون شکنی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے تاکہ کسی بے گناہ کا خون نہ بھے۔ سندھ میں امن و امان کے حالات بھی قابل تشویش ہیں۔شہروں میں گاڑ یوں ،دیھات میں جانوروں اور موٹر سائیکلوں کی چوریاں معمول بن چکی ہیں ۔جماعت کا یہ اجلاس مطالبہ کرتا ہے کے شہریوں کو امن دینا حکومت کا اولین فرض ہے حکومت فوری طور پر کراچی تا کشمور امن وامان کو یقینی بنائے۔