کرونا وائرس:حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت الخدمت کاہنگامی اجلاس

الخدمت نے کروناکی پہلی لہر کے دوران بھی مثالی کام کیے،اب بھی تیارہے،اہل خیر افراد بھرپور مالی تعاون کریں حافظ نعیم الرحمن کی اپیل

جمعرات 26 نومبر 2020 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2020ء) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت کرونا وائرس کی دوسری لہر کے باعث پیداہونے والی صورتحال اورالخدمت کراچی کی طبی خدمات کے حوالے سے ایک اعلی سطحی ہنگامی اجلاس منعقد ہوا،اجلاس میں نائب امیر کراچی ڈاکٹر واسع شاکر، سکریٹری کراچی عبدالوہاب،چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ،ایگز یکٹو ڈائر یکٹر راشد قریشی،انجینئرصابر احمد و دیگر ذمہ داران نے شرکت کی۔

اس موقع پرکورونا ٹیسٹ،ڈس انفیکشن اسپرے،ڈینگی اسپرے،اکسیجن سلنڈرز کی دستیا بی سمیت دیگر سرگرمیوں کا جائزہ لیا گیا۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کورونا وائر س کی پہلی لہر کے دوران بھی الخدمت کے رضاکاروں نے جان کی پرو ا کیے بغیر شہریوں کی بے مثال خدمت کی۔

(جاری ہے)

الخدمت کورونا وائرس کی جاری دوسری لہر کے دوران بھی لوگوں کی مدد کرے گی۔

حافظ نعیم الرحمن نے صاحب ثروت افراد سے بھی اپیل کی کہ الخدمت کے تحت کوروناوائر س کا ٹیسٹ جو صرف3000روپے کیا جارہا ہے اس کا تسلسل برقراررکھنے اور آکسیجن سلنڈرز کی فراہمی کیلئے الخدمت کے ساتھ بھرپور مالی تعاون کریں۔انہوں نے کہاکہ کورونا وائرس ایک بار پھر تیزی سے پھیل رہا ہے،صورتحال اطمینان بخش نہیں،لوگوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا چاہیے اوراحتیاط کر نی چاہیے۔

الخدمت کے رضاکار کورونا وائر س کی دوسری لہر کے پیش نظر اپنی سرگرمیاں تیز کر دیں اور لوگوں کی مدد کریں۔انہوں نے کہاکہ لاک ڈان کی وجہ سے لوگ شدید متاثر ہوئے اوران کے کاروبا رتباہ ہوئے۔الخدمت نے سرکاری ونجی اسپتالوں کو ڈاکٹرزو عملے کے لیے طبی حفاظتی لباس(PPE's)کٹس فراہم کیں۔رات کی تاریکی میں لوگوں کی دہلیز پر پر جاکر انہیں کھانا،پینے کا صاف پانی،راشن اور گوشت پہنچایا تاکہ لاک ڈان سے متاثر ہ لوگوں کی عزت نفس کا خیال رکھتے ہوئے ان کی مدد کی جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ الخدمت نے بڑی تعداد میں سانس کے مریضوں کوآکسیجن سلنڈرز بھی مشکل حالات میں مفت فراہم کیے۔شہر بھر میں جراثیم کش ادویہ کا اسپرے کیا گیا۔الخدمت نے اس دوران جدید کورونا ٹیسٹنگ لیب قائم کی، جہاں اب بھی نتہائی ارزاں نرخوں پر کورونا ٹیسٹ کی سہولت فراہم کی جار ہی ہے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا الخدمت نے اپنے کاموں سے شہر کر اچی میں مثال قائم کی ہے اور لوگ اس کا اعتراف کرتے ہیں۔