بلوچستان کے تعلیمی اداروں کیلئے تعطیلات کا اعلان

شدید سرد علاقوں میں واقع تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے، نوٹیفیکشن جاری

muhammad ali محمد علی جمعرات 26 نومبر 2020 20:52

بلوچستان کے تعلیمی اداروں کیلئے تعطیلات کا اعلان
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 26 نومبر2020ء) بلوچستان کے تعلیمی اداروں کیلئے تعطیلات کا اعلان، شدید سرد علاقوں میں واقع تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے، نوٹیفیکشن جاری۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان حکومت نے صوبے کے تمام تعلیمی اداروں کی بندش کا نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔ جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق بلوچستان میں نجی اورسرکاری اسکولز ،کالجز ،پولی ٹینیک انسٹی ٹیوٹس اور یونیورسٹیز بند کر دی جائیں۔

موسم گرما کے تعلیمی ادارے 11 جنوری اور موسم سرما کے تعلیمی ادارے 28 فروری تک بند رہیں گے ۔ گورنر بلوچستان ،سیکرٹری اسکولز ، سیکریٹری کالجز،ہائیر و ٹیکنیکل ایجوکیشن کی جانب سے تعلیمی اداروں کی بندش سے متعلق الگ الگ نوٹیفیکیشن جاری کئے گئے۔ بتایا گیا ہے کہ سرد علاقوں میں واقع ہرقسم کے نجی اور سرکاری اسکولز ، کالجز، دیگر انسٹی ٹیوٹس 26دسمبر سے 28فروری تک بند رہیں گے۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق صوبے کی تمام یونیورسٹیز 26دسمبر سے 28فروری تک بند رہیں گی۔ تعطیلات کا فیصلہ بچوں کو کورونا کے حالیہ پھیلاو سے بچانے کے لئے حفاظتی اقدامات کے طور پر کیا گیا۔ واضح رہے کہ 3 روز قبل وفاقی حکومت نے 26 نومبر سے تمام تعلیمی ادارے بند کرنے کا اعلان کیا تھا۔ وفاقی وزیر شفقت محمود نے اعلان کیا کہ نومبر سے بچے گھر بیٹھ کر تعلیم حاصل کریں گے۔

فیصلہ کیا گیا کہ 25 دسمبر سے 10جنوری تک موسم سرما کی تعطیلات ہوں گی۔تعلیمی اداروں میں بچے نہیں آئیں گے۔بچے گھر بیٹھ کر تعلیم جاری رکھیں گے۔11 جنوری کو تمام تعلیمی ادارے دوبار کھول دئیے جائیں گے۔شفقت محمود نے مزید کہا کہ 26 نومبر سے 24 دسمبر تک ہوم لرننگ کا سلسلہ جاری رہے گا۔26 نومبر سے پاکستان کے تمام تعلیمی ادارے سے آن لائن کلاسز لے سکتے ہیں۔

اسکول کالجز، یونیورسٹیز، ٹیوشن سینٹرز سب بند ہوں گے۔11 جنوری کو تعلیمی ادارے دوبارہ کھولنے سے قبل کورونا وبا کی صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا۔جنوری کے پہلے ہفتے میں ریویو سیشن ہو گا۔ہاسٹلز میں ایک تہائی طلبہ کو رہنے کی اجازت ہو گی،بورڈ کے امتحانات مارچ اور اپریل کے بجائے مئی اور جون میں ہوں گے۔علاوہ ازیں گرمیوں کی چھٹیاں بھی کم کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔