ایران نے اپنے 3 قیدیوں کے بدلے آسٹریلوی خاتون ماہر تعلیم کو رہا کردیا

ملبورن یونیورسٹی کی لیکچرار کو جاسوسی کے الزام میں 10 سال قید کی سزا ہوئی تھی، رپورٹ

جمعہ 27 نومبر 2020 16:30

ایران نے اپنے 3 قیدیوں کے بدلے آسٹریلوی خاتون ماہر تعلیم کو رہا کردیا
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) ایران نے برطانوی نژاد آسٹریلوی خاتون ماہر تعلیم مور گلبرٹ کو رہا کر دیا تاہم اس کے بدلے تھائی لینڈ نے 3 ایرانی قیدیوں کو رہا کیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایران میں جاسوسی کے الزام میں دو سال سے قید میلبورن یونیورسٹی سے وابستہ خاتون ماہر تعلیم مور گلبرٹ کو جیل سے رہائی کا پروانہ مل گیا ہے۔

(جاری ہے)

مور گلبرٹ کو 2018 میں گرفتار کر کے بند کمرے میں مقدمہ چلا گیا تھا اور جاسوسی کے الزام میں 10 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔ماہر تعلیم مور گلبرٹ کی رہائی سے قبل تھائی لینڈ نے اسرائیلی سفارتکاروں پر 2012 میں ناکام بم حملے کے الزام میں قید 3 ایرانی شہریوں کو اٴْن کے ملک کے حوالے کردیا تھا تاہم تھائی لینڈ نے اس عمل کو ’قیدیوں کے تبادلے‘ سے تعبیر کرنے کو درست قرار نہیں دیا۔دوسری جانب ایران کے سرکاری میڈیا کا دعویٰ ہے کہ خاتون ماہر تعلیم کو غیر ممالک میں قید 3 ایرانی شہریوں کی رہائی کے بدلے چھوڑا گیا۔ 3 میں سے ایک ایرانی شہری تاجر ہیں اور وہ اپنے بزنس کے سلسلے میں تھائی لینڈ گئے تھے۔