دُبئی میں پاکستانی کے ہاتھوں پاکستانی کے قتل کی ہولناک واردات

پاکستانی مقتول رات سے لے کرصبح تک تکلیف سے تڑپتا رہا، مگر اس نے کسی کو اپنے زخمی ہونے کے بارے میں اطلاع نہیں دی

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 27 نومبر 2020 16:57

دُبئی میں پاکستانی کے ہاتھوں پاکستانی کے قتل کی ہولناک واردات
دُبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ،27 نومبر2020ء ) دُبئی میں مقیم ایک پاکستانی نے جھگڑے پر اپنے ہم وطن کی جان لے لی۔ پولیس کے مطابق 24 سالہ ملزم نے پھل سبزی کاٹنے والی چھُری سے پاکستانی ساتھی کو مار ڈالا۔ یہ واقعہ ستوا کے علاقے کی ایک رہائشی بلڈنگ میں پیش آیا۔ استغاثہ کے مطابق ملزم کچن میں گیا اور وہاں سے ایک چھوٹی چھُری اُٹھا کرپاکستانی نوجوان کے پیٹ میں گھونپ دی جس سے وہ کئی گھنٹے تک تڑپ تڑپ کر دم توڑ گیا۔

ایک پاکستانی ٹیکسی ڈرائیور نے عدالت کو بتایا کہ مقتول پاکستانی نوجوان نے اسے فون کر بُلایا تھا۔ٹیکسی میں سوار ہونے کے دوران اس نے مجھے کہا تھا کہ اس کا ستوا میں کسی سے جھگڑا ہو گیا ہے۔میں اسے اُم القوین میں اس کی رہائش گاہ پر اُتار دوں۔ گفتگو کے وقت وہ بہت تھکا تھکا سا معلوم ہو رہا تھا اور شاید شراب کے زیر اثر تھا ۔

(جاری ہے)

تاہم مجھے اس کے کپڑوں پر خون کے دھبے وغیرہ نظر نہیں آ سکے تھے۔

میں نے اسے اس کی منزل پر اُتار دیا اور اگلے دن مجھے پتا چلا کہ اس کی موت ہو گئی ہے۔ مقتول کے 36 سالہ روم میٹ نے بتایا کہ اس کا ساتھی رات 10 بجے واپس آیا تھا۔ اس نے کھانا بھی نہیں کھایا اور سونے کو چلا گیا۔ اگلی صبح میں اپنے کا م پر چلا گیا جب اس نے مجھے کال کر کے درد مٹانے والی گولی (Pain Killer) مانگی۔ تھوڑی دیر بعد ہی مجھے اطلاع ملی کہ میرا روم میٹ انتقال کر گیا ہے۔

میڈیکل رپورٹس کے مطابق مقتول کی موت بڑی آنت میں اندرونی طور پر خون بہہ جانے سے ہوئی۔ دُبئی پولیس کی جانب سے مقتول کو چاقو گھونپنے والے پاکستانی کو گرفتار کر لیا گیا ہے جس نے اپنے جُرم کا اعتراف کر لیا ہے۔ دُبئی پولیس پراسیکیوشن نے ملزم پر قتلِ ارادی کے الزامات عائد کیے ہیں۔ جس کے ثابت ہونے پر ملزم کو سخت سزا ملنے کا امکان ہے۔

متعلقہ عنوان :