قمر زمان کائرہ کی ملتان میں پی ڈی ایم ،پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر ہونیوالے جلسے کو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی شدید مذمت

گرفتاریوں، مقدمات اور پکڑ دھکڑ سے ہمارا راستہ نہیں روکا جاسکتا،ملتان جلسہ ہرصورت ہوگا ،اگر حکومت نے بزدلانہ ہتھکنڈے استعمال کیے تو ملتان کا ہر چوک چوراہا جلسہ گاہ بن جائیگا، رہنماء پیپلز پارٹی

جمعہ 27 نومبر 2020 18:01

قمر زمان کائرہ کی ملتان میں پی ڈی ایم ،پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر ہونیوالے ..
گجرات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے ملتان میں پی ڈی ایم اور پیپلز پارٹی کے یوم تاسیس پر ہونیوالے جلسے کو روکنے کیلئے حکومتی اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ گرفتاریوں، مقدمات اور پکڑ دھکڑ سے ہمارا راستہ نہیں روکا جاسکتا،ملتان جلسہ ہرصورت ہوگا ،اگر حکومت نے بزدلانہ ہتھکنڈے استعمال کیے تو ملتان کا ہر چوک چوراہا جلسہ گاہ بن جائیگا۔

سابق وفاقی پارلیمانی سیکریٹری وضلعی صدراوکاڑہ چوہدری سجاد الحسن سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے کہا کہ حکومت کرونا کے پیچھے چھپ رہی ہے اس کرپٹ سلیکٹڈ حکومت کو کورونایااسکارونا بھی نہیں بچا سکتا انھوں نے کہا کہ حکومت نے عوام کو مہنگائی کے عذاب میں ڈبو دیا ہے اب عوامی غضب میں حکومت ڈوبے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملتان کا جلسہ ہرصورت ہوگا اگر حکومت نے بزدلانہ ہتھکنڈے استعمال کیے تو ملتان کا ہر چوک چوراہا جلسہ گاہ بن جائیگا۔ انہوں نے جلسہ گاہ کے اندر گڑھے ڈالنے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جیالے خوداپنا راستہ نکال لیں گے انہوں نے کہا کہ ایسی نااہل حکومت آ ج تک نہیں دیکھی ملک کو دونوں ہاتھوں سے لوٹا جارھا ہے غریب عوام کا خون نچوڑا جا رہاہے، روٹی تک غریب سے دور کردی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک کو ہی ایم ایف اور دوسرے اداروں کے ہاتھوں گروی رکھ دیا گیا ہے۔کشمیر کا سودا کردیا گیا ہے جبکہ اسرائیل کو تسلیم کرنے کی باتیں کی جارہی ہیں ملک کو خانہ جنگی کی طرف دھکیلا جارہا ہے لیکن عوام کبھی ایسا ہونے نہیں دیگی۔