جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا

واٹس ایپ اکائونٹس ہیک ہوگیا ہے، رسائی حاصل نہیں کر پارہا، میرے واٹس ایپ سے کسی بھی پیغام کو قبول نہ کیا جائے، یہ ہیکر استعمال کررہا ہے، ٹوئٹ

جمعہ 27 نومبر 2020 18:52

جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) معروف سماجی کارکن، سیاستدان اور قانون دان جبران ناصر کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا ہے اور وہ اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہے۔جبران ناصر نے ٹوئٹر پر، پیغام رسانی کی معروف ایپلی کیشن واٹس ایپ کا اکاؤنٹ ہیک ہونے سے متعلق آگاہ کیا۔انہوں نے اپنی ٹوئٹ میں لکھا کہ آج میرا واٹس ایپ ہیک ہوگیا اور میں اس تک رسائی حاصل نہیں کرپارہا۔

اپنی ٹوئٹ میں جبران ناصر نے مزید لکھا کہ میرے چند دوستوں کو بھی یہی مسئلہ درپیش ہے۔انہوں نے خبردار کیا کہ کسی عجیب پیغام سے بچیں جو کوئی کوڈ مانگے چاہے وہ پیغام آپ کے کسی جاننے والے شخص نے ہی کیوں نہ بھیجا ہو۔معروف سماجی کارکن نے یہ بھی کہا کہ ان کے واٹس ایپ سے کسی بھی پیغام کو قبول نہ کریں کیونکہ اسے اب ایک ہیکر استعمال کررہا ہے۔

(جاری ہے)

بعدازاں جبران ناصر نے یہ بھی بتایا کہ آخر ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ کیسے ہیک ہوا۔انہوں نے ایک علیحدہ ٹوئٹ میں لکھا کہ مجھے اپنے کزن کے نمبر سے ایک واٹس ایپ میسج ملا کہ میں اسے ایک کوڈ بھیجوں کیونکہ انہوں نے غلطی سے میرا نمبر دے دیا تھا۔جبران ناصر نے لکھا کہ میں نے ایس ایم ایس دیکھا کہ مجھے ایک ایسے نمبر سے کوڈ موصول ہوا ہے جس سے مجھے ماضی میں مختلف ایپس کے نوٹیفکیشن بھیجے جاچکے ہیں تو اسے درست سمجھتے ہوئے میں نے اپنے کزن کو کوڈ بھیجا اور میرا اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔