Live Updates

وزیر اعظم کی بیرسٹر سلطان کو آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت

کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں ،ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر ہر فورم پر آواز اٹھائینگے ،بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لائیں گے،عمران خان

جمعہ 27 نومبر 2020 18:59

وزیر اعظم کی بیرسٹر سلطان کو آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) وزیر اعظم عمران خان نے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم شروع کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کشمیریوں کیساتھ کھڑے ہیں ،ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے، مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر ہر فورم پر آواز اٹھائینگے اور بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لائیں گے۔جمعہ کو وزیر اعظم عمران خان سے آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و صدر پی ٹی آئی آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ملاقات کی ۔

بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے وزیر اعظم کو گلگت بلتستان کے انتخابات میں پی ٹی آئی کی کامیابی پر مبارکباد دیتے ہوئے آزاد کشمیر کی سیاسی صورتحال، آزاد کشمیر کے آئندہ آنے والے انتخابات میں کی جانیوالی کوششوں، پارٹی کے تنظیمی امور پر بھی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہم کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ان کی ہر سطح پر حمایت جاری رکھیں گے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی مظالم پر ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے اور بھارت کو دفاعی پوزیشن پر لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کے لئے عالمی سطح پر کوششیں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ کشمیر پر مذاکرات سہ فریقی ہونگے اور ان مذاکرات میں کشمیری بھی شریک ہونگے۔ وزیراعظم نے کہا کہ اگرچہ ہم نے گلگت میں انتخابی مہم دیر سے چلائی، لیکن آزاد کشمیر میں ہم ابھی سے اس پر کام شروع کریں گے۔

وزیر اعظم نے بیرسٹر سلطان کو ہدایت کی کہ وہ ابھی سے آزاد کشمیر میں پی ٹی آئی کی انتخابی مہم شروع کر دیں۔بیرسٹر سلطان نے آزاد کشمیر میں ہر فرد کیلئے انصاف ہیلتھ کار ڈ دینے پر وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا ۔ بیرسٹر سلطان نے وزیر اعظم کو آزاد کشمیر کے دورے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ وہ آزاد کشمیر میں ہیلتھ کارڈ کے اجرا کی تقریب میں خود تشریف لائیںجس پر وزیراعظم نے دعوت قبول کرتے ہوئے کہا کہ میں انصاف ہیلتھ کارڈ کے اجراء کی تقریب میں ضرور شرکت کرونگا ۔ ملاقات میں دونوں رہنمائوں کے درمیان باہمی دلچسپی کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات