Live Updates

بزدار حکومت کا کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوںکی حوصلہ افزائی کیلئے بڑااقدام، سپورٹس ایسوسی ایشنز کی سالانہ گرانٹس کی اصولی منظوری

گرانٹس شفاف طریقے سے جاری ہونگی،کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کیلئے اقدامات کریں گے‘ وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کورونا کے باعث کھیلوں کی محدودسرگرمیوں کی اجازت دی ہے، صورتحال بہتر ہونے پر بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلے کرائے جائینگے محکمہ کھیل کیساتھ مل کر سپورٹس کیلنڈر مرتب کیا جائے‘پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر کی قیادت میں وفد کے ارکان سے گفتگو

جمعہ 27 نومبر 2020 19:01

بزدار حکومت کا کھیلوں کے فروغ اور کھلاڑیوںکی حوصلہ افزائی کیلئے بڑااقدام، ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) بزدار حکومت نے صوبے میں کھیلوں کی سرگرمیوںکے فروغ اور کھلاڑیوںکی حوصلہ افزائی کیلئے بڑااقدام اٹھاتے ہوئے کھیلوں کی ایسوسی ایشنز کی سالانہ گرانٹس کے اجراء کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گرانٹس کی اصولی منظوری پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن کے صدر محمدعامر جان کی قیادت میں وفد سے ملاقات کے موقع پر دی ۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپورٹس ایسوسی ایشنز کو گرانٹس شفاف طریقے سے جاری ہوں گی اور شفاف طریقے سے ہی استعمال ہوں گی۔ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لئے اقدامات کریں گے اور سابق دور کی طرح پک اینڈ چوزنہیں بلکہ میرٹ پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن محکمہ کھیل کے ساتھ مل کر سپورٹس کیلنڈر مرتب کرے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا کے باعث فی الحال کھیلوں کی محدودسرگرمیوں کی اجازت دی گئی ہے اور کورونا کی صورتحال بہتر ہونے پر پنجاب بھر میں بڑے پیمانے پر کھیلوں کے مقابلے کرائے جائیں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب گیمز کا دوبارہ اجراء پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کا اعزاز ہے۔ کبڈی چیمپن شپ کے انعقاد سے شائقین کو بہترین کھیل دیکھنے کو ملا۔

عالمی سپورٹس کے ساتھ ساتھ علاقائی کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ سے ملاقات کرنے والے وفد میں سیکرٹری جنرل پنجاب اولمپک ایسوسی ایشن ادریس حیدر خواجہ، نائب صدراحمر ملک، ممبرزواجد علی چودھری، عرفان اللہ خان اورسیکرٹری جنرل پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن محمد خالد محمود شامل تھے۔ صوبائی وزیررائے تیمور بھٹی،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ، سیکرٹری سپورٹس،ڈی جی پنجاب سپورٹس بورڈ اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات