ایڈز،ٹی بی اور ہیپاٹائٹس بیماریوں کے شکارتقریباً1,80,000مریضوں کو صحت میڈیسن کارڈ تقسیم کررہے ہیں‘ یاسمین راشد

ایڈزکے مریضوں کے علاج کے بارے میں تکنیکی گائیڈلائنز متعارف کروائی جارہی ہیں،ڈاکٹرکوپیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی ایڈز پھیلنے کی بڑی وجہ آلودہ سرنجز کا استعمال،عطائیت اورانتقال خون میں غفلت ہے‘ وزیر صحت کاآگاہی سیمینارکے شرکاء سے خطاب

جمعہ 27 نومبر 2020 19:22

ایڈز،ٹی بی اور ہیپاٹائٹس بیماریوں کے شکارتقریباً1,80,000مریضوں کو صحت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) وزیرصحت پنجاب ڈاکٹریاسمین راشدنے مقامی ہوٹل میں ایڈز سے متعلق آگاہی سیمینارمیں بطورمہمان خصوصی شرکت کی۔اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان،کنٹری ڈائریکٹر یواین ایڈزڈاکٹرماریہ علینہ فیلیو، وائس چانسلرکنگ ایڈورڈمیڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرخالدمسعودگوندل،وائس چانسلرفاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹرعامرزمان خان،پروفیسرڈاکٹر اعجاز حسین، پروفیسرڈاکٹرعائشہ احسانی،پروفیسرڈاکٹرعائلہ،پروفیسر ڈاکٹرطاہرجمیل احمد،ڈاکٹرشہلہ شوکت،ڈاکٹرمنیر ویواین ایف پی اے اورعالمی ادارہ صحت کے نمائندگان سمیت ڈاکٹرزحضرات کی کثیرتعدادنے بھی شرکت کی۔

وائس چانسلرکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعوگوندل نے تمام مہمانان گرامی کو خوش آمدید کہا۔

(جاری ہے)

آگاہی سیمینارکا اہتمام کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے ڈرماٹولوجی ڈیپارٹمنٹ اور یواین ایڈز کی جانب سے کیاگیا۔صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے آگاہی سیمینارکے شرکاء سے اپنے خطاب میں کہاکہ پنجاب میں ایڈز،ٹی بی اور ہیپاٹائٹس بیماریوں کے شکارتقریباً1,80,000مریضوں کو صحت میڈیسن کارڈ تقسیم کررہے ہیں۔

مریضوں کو صحت میڈیسن کارڈ تقسیم کرنے کابنیادی مقصدپریشانی سے بچاناہے۔ایڈزبیماری میں مبتلامریضوں کو ساری زندگی دوائی درکارہوتی ہے۔ایڈزکے مریضوں کے علاج کے بارے میں تکنیکی گائیڈلائنز متعارف کروائی جارہی ہیں۔ڈاکٹریاسمین راشدنے کہاکہ یہ گائیڈلائنز ایڈز کا باعث بننے والی ایس ٹی آئیز کے علاج میں معاون ثابت ہوںگی۔ایڈزکا علاج کرنے والے ڈاکٹرکوجدیدگائیڈلائنز کے مطابق پیشہ وارانہ تربیت دی جائے گی۔

ایڈز پھیلنے کی بڑی وجہ آلودہ سرنجز کا استعمال،عطائیت اورانتقال خون میں غفلت ہے۔ مریض آکرسب کچھ ڈاکٹرکی جھولی میں ڈال دیتاہے۔ڈاکٹرزکی خوش اخلاقی سے مریض کا آدھاعلاج ہوجاتاہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں سے امتیازی سلوک ناقابل برداشت ہے۔پنجاب میں تھیلیسیماء کا شکارمریضوں کی خدمت کررہے ہیں۔ایک میڈیکل یونیورسٹی کا بنیادی کام ریسرچ ورک ہوتاہے۔

صوبائی وزیرصحت نے ایڈز سے متعلق آگاہی سیمینارمنعقدکروانے پر کنگ ایڈ ورڈ میڈیکل یونیورسٹی کی انتظامیہ کوشاباش اور ڈونرز کا شکریہ اداکیا۔بعدازاںصوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدنے میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ بختاوربھٹوکی منگنی پر کوروناایس اوپیز پرسختی سے عملدرآمدکروانے والے جلسوں کی عوام کے دشمن ہیں۔سیاست دانوں کو کوروناوائرس پرسیاست چمکاتے ہوئے ہوش کے ناخن لینے ہوںگے۔

اپوزیشن کے جلسوں سے پنجاب میں کوروناوائرس میں خطرناک حدتک اضافہ ہواہے۔صوبائی وزیر صحت نے مزیدکہاکہ کوروناوائرس سے بچاؤ کاواحدحل احتیاطی تدابیرپرسختی سے عملدرآمدکرناہے۔پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں کوروناوائرس کے مریضوں کا بہترین علاج جاری ہے۔وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹرفیصل سلطان نے آگاہی سیمینارکے شرکاء سے اپنے خطاب میںکہاکہ ایڈز کے عالمی دن کی عالمی رپورٹ یواین ایڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹراور دیگرممالک کی موجودگی ہمارے لئے باعث مسرت ہے۔

ہم یکم دسمبرکو عالمی طورپرایڈزکادن منائیں گے۔رپورٹ کی سفارشات پاکستان جیسے رکن ممالک کوا یچ آئی وی کی روک تھام کیلئے مددگارثابت ہوگی۔وائس چانسلرکنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسرڈاکٹرخالدمسعودگوندل نے کہاکہ وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکے ویژن کے مطابق کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پوسٹ گریجوایٹس کو انتہائی عمدہ طبی تعلیم فراہم کر رہاہے۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کوسنٹرآف ایکسیلینس بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی کے طلباء نے ایچ آئی وی ایڈز پر طبی اورنفسیاتی ریسرچ میں اہم کرداراداکیاہے ہیں۔