Live Updates

شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کے عملے کی غفلت اورلاپرواہی کی وجہ سے میری اہلیہ کی موت واقع ہوئی ہے ،حاجی اختر محمد مندوخیل

حکومت فوری طورپراسکی تحقیقات کرکے غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو غفلت یا لاپرواہی کی جرات نہ ہوسکے، ممبر پاکستان تحریک انصاف ڈسپلن کمیٹی

جمعہ 27 نومبر 2020 20:31

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2020ء) پاکستان تحریک انصاف کی ڈسپلن کمیٹی کے ممبر حاجی اختر محمد مندوخیل نے کہا ہے کہ شیخ زید ہسپتال کوئٹہ کے عملے کی غفلت اورلاپرواہی کی وجہ سے میری اہلیہ کی موت واقع ہوئی ہے حکومت فوری طورپراسکی تحقیقات کرکے غفلت کے مرتکب عملے کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ آئندہ کسی کو غفلت یا لاپرواہی کی جرات نہ ہوسکے۔

یہ بات انہوں نے جمعہ کو پاکستان تحریک انصاف کے رہنماوں نوابزاد ہ شریف جوگیزئی ،عبدالباری بڑیچ ، آصف ترین ،سید ظہورآغا،ادریس تاج ، ملک فیصل دہوار اور سید حمید آغا کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔ حاجی اختر محمد مندوخیل نے کہا کہ میری بیوی کو پتے میں تکلیف کی وجہ سے علاج کیلئے شیخ زید ہسپتال میں داخل کرایا ڈاکٹرز کے معائنے کے بعد مختلف ٹیسٹ کرائے گئے رپورٹس کو چیک کرنے کے بعدمتعلقہ ڈاکٹرز نے 27اکتوبر2020ء کو مریضہ کے آپریشن کا کہا اور مجھے بتایا کہ مریضہ کا لیزر کے ذریعے پیتے کا آپریشن ہوگا ایک گھنٹہ آپرشن تھیٹر میں آپریشن جاریرکھنے کے دوران عملے نے ایک انجکشن کی پرچی دی اور کہاکہ مذکورہ انجکشن جناح روڈ سے لائیں میرے بیٹے فوری طور پرجناح روڈ سے انجکشن لائے اور عملے کے حوالے کیااوراس دوران ہمیں بتایاکہ مریضہ کا کامیاب آپریشن ہوا ہے اور مریضہ ری کور ہورہی ہیں نشہ ختم ہون کے بعد روم میں بھیج دیا جائے گا پانچ گھنٹے بعد ہمیں آپریشن تھیٹر بلایا گیا کہ شیخ زید ہسپتال میں مریضہ کو رکھنے کا بندوبست نہیں ے لہذا انہیں نصرت ہسپتال سیٹلائٹ ٹاون منتقل کرتے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میں نے ڈاکٹرز سے کہا کہ میری بیوی کا ابھی آپریشن ہوا ہے اور وہ انسیتھیزا میں ہے اسے کیسے دوسرے ہسپتال منتقل کیا جاسکتا ہے لیکن ڈاکٹر وہاں منتقل کرنے پر بضدرہے بہ امر مجبوری ہم مریضہ کو ایمبولینس میں لیکر نصرت ہسپتال کیلئے روانہ ہوئے تو راستے میں مریضہ کی حالت ٹھیک نہیں تھی مریضہ کی آنکھیں سوجھ چکی تھی جب ہم نصر ت ہسپتال کے آئی سی یو پہنچے تو ہمیں بتایا گیاکہ مریضہ انتقال کرچکی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شیخ زید ہسپتال میں کروڑوں روپے کی مشینری ہونے کے باوجود آئی سی یو کا نہ ہونا بذات خود ایک سوالیہ نشان ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت اور حکام بالا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ ہمیں انصاف دلایا جائے اور تحقیقات کی جائیں کہ مریضہ کی موت ڈاکٹروں اورعملے کی غفلت ،لاپرواہی یا غلط انجکشن لگانے سے ہوئی ہے یا انہیںقتل کیا گیاہے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات