صو با ئی وزیر صحت سے یواین ایڈز کے وفدکی ملاقات ،ہیلتھ کوریج اور ایڈزبیماری کی روک تھام بارے تبادلہ خیال

جمعہ 27 نومبر 2020 21:23

لاہور۔27نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27نومبر2020ء) :صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدسے محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کئیراینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں یواین ایڈز کے وفدنے ملاقات کی۔اس موقع پر ملاقات میں ڈاکٹرماریہ ریلینا،ڈاکٹرعائشہ،ڈاکٹررجوال خان،فہمیدہ اقبال،ڈاکٹرمنیراورایچ آئی وی کنسلٹنٹ ڈاکٹرعرفان احمدشامل تھے۔ صوبائی وزیر صحت اور وفدممبران کے درمیان یونیورسل ہیلتھ کوریج اور ایڈزبیماری کی روک تھام کیلئے آگاہی اور علاج بارے تبادلہ خیال ہوا۔

وفدممبران نے وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکی پنجاب میں ایڈزبیماری کی روک تھام کیلئے اقدامات اٹھانے کیلئے کاوش کو سراہا۔صوبائی وزیرصحت نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت صوبہ بھرمیں 9ہزارسے زائدمریضوں کو مفت ادویات اور علاج کی سہولت فراہم کر رہے ہیں،وزیراعظم عمرا ن خان نے پنجاب کی عوام کیلئے یونیورسل ہیلتھ کوریج کی منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی سردارعثمان بزدارکی جانب سے صوبہ بھرکے ایڈز،ٹی بی اور ہیپاٹائٹس کے مریضوں کی آسانی کیلئے انصاف میڈیسن کارڈ کا اجرا کیاگیاہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کوروناوائرس کی ٹیسٹنگ صلاحیت بڑھادی گئی ہے،پنجاب میں کوروناوائرس کی شرح میں اضافہ کی ایک وجہ بے احتیاطی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ معاشرہ میں ایڈزبیماری کی روک تھام کیلئے آگاہی بنیادی کرداراداکرتی ہے، حکومت پنجاب نے لاک ڈاﺅن کے دوران بھی ایڈز کے مریضوں کو ادویات گھروں تک پہنچائیں،ایڈزبیماری کی روک تھام کیلئے تمام سٹیک ہولڈرزکو مل کرآگاہی کی جانب توجہ دینی ہوگی،پنجاب کے سرکاری ہسپتالوں میں ایڈز کے مریضوں کیلئے تشخیصی ٹیسٹوں کی مفت سہولت موجود ہے۔

ڈاکٹریاسمین راشد نے کہا کہ ٹرک ڈرائیورزاور قیدیوں کی سکریننگ بھی کی جارہی ہے۔ پنجاب واحدصوبہ ہے جس نے ایڈز بیماری کی سکریننگ میں لیڈ کیاہے،سب سے بڑاتھیلیسیمیاءکنٹرول پروگرام پنجاب میں چل رہاہے۔اس موقع پر وفد کے ممبران نے کہا کہ ایڈز بیماری کی روک تھام کیلئے حکومت پنجاب کے ساتھ مکمل تعاون کرینگے،ایڈزبیماری کی سکریننگ کا سب سے زیادہ ٹارگٹ مکمل کرنے پرمحکمہ صحت پنجاب کی کاوش کوسراہتے ہیں۔