جب تک قاتلوں کو انجام تک نہیں پہنچا دیتے سکون سے نہیں بیٹھیں گے،ایرانی فوج کے چیف کاعہد

ایرانی فوج اور قوم ایک ساتھ کھڑے ہو گئے،قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچانے کا عزم

Sajjad Qadir سجاد قادر ہفتہ 28 نومبر 2020 06:21

جب تک قاتلوں کو انجام تک نہیں پہنچا دیتے سکون سے نہیں بیٹھیں گے،ایرانی ..
تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 28 نومبر2020ء) ایرانی فوج کے کمانڈر جنرل محمد بغیری نے اپنی فوج اور کمانڈرز سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم اپنے ایٹم بم کے باپ اور نیوکلیئر پراجیکٹ کی بنیاد رکھنے والے سائنسدان کے قتل کا بدلہ لینے تک سکون سے نہیں بیٹھیں گے اور ہم ان سبھی طاقتوں کو پیغام دیتے ہیں کہ ایران آرام سے نہیں بیٹھے لگا بلکہ بہت جلد ردعمل دے گا۔

وہ سبھی دہشت گرد گروپ اور ان کے حامی جو اس دردناک سانحے میں ملوث ہیں جان لیں کہ ہم ان کا پیچھا کریں گے اور انہیں قرار واقعی سزا دیں گے۔جنرل نے اپنے جوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہماری آرمی اس وقت تک سکون سے نہیں بیٹھے گی جب تک کہ اپنے محسن کے قاتلوں کو ان کے انجام تک نہیں پہنچا دیتی۔تاہم اس موقعہ پر یو این نے تہران کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ حوصلے سے کام لیں اور کسی قسم کاجذباتی قدم اٹھانے سے گریز کریں اور ساتھ ہی یو این نے کسی بھی ہمسایہ ملک کو اس ثالثی میں فریق بننے کی آفر دے دی کہ کوئی بھی ملک اس وقت ایران کو متشدد قدم اٹھانے سے روکنے میں ان کی مدد کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

یو این کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے ترجمان فرحان حق نے پیغام میں کہا ہے کہ ہمیں معلوم ہوا ہے کہ تہران کے قریب ایک اہم ایرانی نیوکلیئر سائنسدان کو قتل کر دیا گیا ہے ہم دکھ کی اس گھڑی میں ایرانیوں کے ساتھ کھڑے ہیں مگر ہم یہ بھی درخواست کریں گے کہ ایران ایسا کوئی بھی قدم نہ اٹھائے جس سے خطے کا امن خراب ہواور جنگ کی صورت حال پیدا ہو جائے۔

جبکہ حیرانی کی بات یہ ہے کہ اس وقت تک کسی بھی دہشت گرد تنظیم نے اس نیوکلیئر سائنسدان کے قتل کی ذمہ داری قبول نہیں کی اور اسی وجہ سے یہ معاملہ اور زیادہ مشکوک ہوتا جا رہاہے کہ شاید اس قتل میں کسی ملک کی خفیہ ایجنسی کا ہاتھ ہے جیسا کہ ایران کے وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا ہے کہ ہمیں شک ہے کہ اس قتل میں اسرائیل کی ایجنسی موساد ملوث ہے۔تاہم یہ آنے والا وقت بتائے گا کہ اس بہیمانہ قتل میں کون ملوث ہے اور ایران کس طرح سے قاتلوں کو سزا دیتا ہے۔