قومی کھلاڑیوں کو اکانومی کلاس میں سفر سے وائرس لگنے کا خدشہ ظاہر کیا جانے لگا

پاکستان شاہینز کے نوجوان کرکٹرز نے اکانومی کلاس کا سفر کیا،2 کا ٹیسٹ مثبت آیا،خدشہ ہے انہوں نے ہی دیگر کھلاڑیوں میں وائرس منتقل کیا

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 28 نومبر 2020 11:43

قومی کھلاڑیوں کو اکانومی کلاس میں سفر سے وائرس لگنے کا خدشہ ظاہر کیا ..
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 28 نومبر 2020ء ) قومی کرکٹ ٹیم کو اکانومی کلاس کے سفر کے دوران وائرس لگنے کا خطرہ ظاہر کیا جانے لگا ہے ۔ پاکستانی اور کیوی کرکٹ حکام یہ معلوم کرنے کی کوشش کررہے ہیں کہ پاکستان میں کرونا ٹیسٹ میں منفی رپورٹ کے باوجود نیوزی لینڈ کھلاڑیوں کا ٹیسٹ مثبت کیسے آگیا۔ ذرائع کے مطابق قومی ٹیم کو نیوزی لینڈ بھیجنے کے لیے چارٹرڈ فلائٹ کی بجائے عام فلائٹ کا انتخاب کرنا کھلاڑیوں میں کرونا وائرس آنے کا سبب قرار دیا جارہا ہے،پاکستان شاہینز کے ساتھ بیشتر نوجوان کرکٹرز ہیں جنہوں نے اکانومی کلاس میں مسافروں کے ساتھ سفر کیا جب کہ پاکستانی کرکٹرز اور شاہینز کے کوچ اعجاز احمد نے بزنس کلاس میں سفر کیا،شاہینز کے سکواڈ میں شامل کھلاڑی ایئرپورٹ پر سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ رہے اور ان میں 2 کا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد خیال ظاہر کیا جارہا ہے کہ انہوں نے ہی دیگر 4 سینئر کھلاڑیوں میں وائرس منتقل کیا۔

(جاری ہے)

نیوزی لینڈ میں موجود ایک اور پاکستانی کرکٹرکا کورونا ٹیسٹ پازٹیو آگیا ہے ۔ جمعرات کو 6 کرکٹرز کے کورونا ٹیسٹ مثبت آئے تھے جس کے بعد اب مجموعی طور پر کررونا کا شکار ہونیوالے کھلاڑیوں کی تعداد7 ہوگئی ہے۔ وزارت صحت کی جانب سے اس کرکٹرکا نام ظاہر نہیں کیا گیا، ان کے علاوہ دوسرے تمام کرکٹرز کے ٹیسٹ نیگیٹو آئے ہیں، جن 6 کرکٹرز کا پہلے ٹیسٹ پازٹیو آیا تھا ان کے نتائج کا اب تک انتظار کیا جارہا ہے ۔

کرائسٹ چرچ میں موجود پاکستان سکواڈ چودہ روز کی آئسولیشن میں ہے، کوویڈ ٹیسٹنگ میں مثبت کیسز کی وجہ سے پاکستانی کرکٹرز کو ابھی ٹریننگ کی اجازت نہیں دی گئی۔ وزرات صحت کی طرف سے مقرر کردہ آفیسر پہلے اس بات کی تسلی کرے گا کہ ان کرکٹرزسے کسی دوسرے کووائرس منتقل ہونے کا اب خطرہ نہیں جس کے بعد قومی کھلاڑیوں کو ٹریننگ کی اجازت مل سکتی یے۔ اب پاکستانی دستے کی کوویڈ ٹیسٹنگ تین روزبعد ہوگی۔ دوسری جانب کورونا کے شکار کرکٹرز کی فہرست سوشل میڈیا پر سامنے آ گئی تھی جس پر ٹیم مینجمنٹ نے سکواڈ کے ارکان سے ناراضی کا اظہار بھی کیا ہے۔