پیلٹ سے متاثرہ 26کشمیری گرفتار کیے گئے،احسن اونتو

ہفتہ 28 نومبر 2020 15:12

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) بھارت کے غیر قانی طورپر زیر قبضہ جموںوکشمیر میں انٹرنیشنل فورم فا رجسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو نے قابض انتظامیہ کی طرف سے پیلٹ متاثرین کی کالے قوانین کے تحت گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

(جاری ہے)

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمداحسن اونتو نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قا بض بھارتی انتظامیہ نے گزشتہ برس پانچ اگست سے اب تک مدثر احمد ڈار، الطاف حسین میر ، دانش حبیب، محمد عاقب، توصیف عمر، سمیر احمد، بلال حجام ، عابد حسین ، فاروق صوفی اور اعجاز احمد میر سمیت پیلٹ سے متاثرہ 26کشمیری نوجوان گرفتار کیے ہیں جو اس وقت مختلف جیلوں میں قید ہیں۔

محمد احسن اونتو نے کہا کہ گرفتار کیے گئے یہ نوجوان پیلٹ چھروں کی وجہ سے ہونے والی معذوری کے باعث پہلے ہی ذہنی تنائو کا شکار ہیں۔انہوں نے کہا کہ قید میں ہونے کی وجہ سے یہ نوجوان اب اپنا علاج بھی نہیں کراسکتے۔ انہوں نے قیدیوں سے متعلق اقوام متحدہ کے خصوصی نمائندے سے اپیل کی کہ وہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کی زندگیاں بچانے کیلئے کردار ادا کریں۔