کورونا کی مشکل صورتحال میںبھی پی ڈی ایم پر سیاست کا نشہ طاری ہے‘ فردوس عاشق اعوان

پی ڈی ایم کی سیاہ کاریاں عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں، پاکستانی لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئینگے‘معاون خصوصی

ہفتہ 28 نومبر 2020 15:41

کورونا کی مشکل صورتحال میںبھی پی ڈی ایم پر سیاست کا نشہ طاری ہے‘ فردوس ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2020ء) وزیر اعلی پنجاب کی معاون خصوصی برائے اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ ملک میں ایک طرف کرونا وائرس کے جان لیوا وار جاری ہیں جبکہ دوسری طرف ان حالات میں بھی پی ڈی ایم پر سیاست کا نشہ طاری ہے، خداراعوام اور ملک پر رحم کریں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ پنجاب میں کرونا وائرس کے مجموعی کیسز کی تعداد 1 لاکھ 17 ہزار 160 ہوچکی ہے،،کرونا وائرس سے 2 ہزار 945 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں ، صحتیاب افراد کی تعداد 98 ہزار 191 ہوگئی۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں گزشتہ روز 18 ہزار 198 کرونا وائرس ٹیسٹ ہوئے جس میں سے 654 کیسز مثبت رپورٹ ہوئے، گزشتہ روز 22 افراد جاں بحق ہوئے۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا ٹولہ کرونا وائرس پھیلانے کا ذمہ دار ہے، مسترد شدہ عناصر کے دلوں میں دکھی انسانیت کے لیے درد نہیں،اقتدار کی ہوس میں مبتلا ٹولے کی آنکھوں پر کالی پٹی بندھ چکی ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ چوروں کا ٹولہ منفی سیاست کے لیے عوام کی زندگی دا ئوپر لگا رہا ہے، پی ڈی ایم کی سیاہ کاریاں عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکی ہیں، ان عناصر نے اپنے ادوارمیں کرپشن کر کے منہ پر کالک ملی۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاہ کار آج اپنے کرتوت چھپانے کے لیے ملکی ترقی پر سیاہی ملنا چاہتے ہیں، 22 کروڑ پاکستانی لٹیروں کے جھانسے میں نہیں آئیں گے، اپوزیشن الٹی بھی ہو جائے تب بھی سیدھی طرح لوٹ مار کا حساب دینا ہوگا۔